نقد رقوم کے اسمگلروں کو ایئر پورٹ پر پکڑوانے والا جاسوس کتا

یہ ایک عام سی کہاوت ہے کہ پیسہ بولتا ہے۔ لیکن اب اس محاورے کو جزوی طور پر بدلا جا سکتا ہے: پیسے کی بو بھی ہوتی ہے۔ اس کا ثبوت فرینکفرٹ کے وائی اڈے پر کام کرنے والا کسٹمز کا ایک جاسوس کتا بھی ہے۔

نقد رقوم کے اسمگلروں کو ایئر پورٹ پر پکڑوانے والا جاسوس کتا
نقد رقوم کے اسمگلروں کو ایئر پورٹ پر پکڑوانے والا جاسوس کتا
user

ڈی. ڈبلیو

بیلجیئن شیفرڈ نسل کے اس کتے کی عمر نو سال اور نام آکی ہے۔ یہ کتا اپنا کام کا اتنا ماہر ہے کہ اس نے چند روز کے اندر اندر اس جرمن ایئر پورٹ سے سفر کرنے والے 12 ایسے مسافروں کی نشاندہی کر دی، جو نقدی کی صورت میں لیکن غیر قانونی طور پر کُل تقریباﹰ ایک چوتھائی ملین یورو یورپی یونین سے باہر اسمگل کرنا چاہتے تھے۔

یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے فرینکفرٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے کسٹمز آفس کی طرف سے بدھ بارہ اگست کے روز بتایا گیا کہ آکی نے جون کے اواخر سے لے کر جولائی کے اوائل تک محض چند روز میں ایک درجن ایسے مسافروں کو پہچان لیا، جو دو لاکھ 47 ہزار یورو سے زائد کی رقوم (تقریباﹰ دو لاکھ نوے ہزار ڈالر) غیر اعلانیہ طور پر یورپی یونین سے باہر کے کسی ملک لے جانا چاہتے تھے۔


کیش کرنسی کی بو سونگھنے کا ماہر

جرمن کسٹمز حکام نے ان مسافروں کو روک کر ان کے پاس موجود نقد رقوم اس لیے ضبط کر لیں کہ یورپی یونین کے قوانین کے مطابق کسی بھی مسافر کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ اگر وہ اپنے ساتھ دس ہزار یورو یا اس سے زائد کی رقوم لے کر یورپی یونین سے باہر کے کسی ملک جا رہا ہو، تو وہ کسٹمز حکام کو خود اس کی اطلاع کرے۔


جن 12 مسافروں نے دانستہ طور پر ایسا نہ کیا، ان کے قبضے سے آکی کی مدد سے جو رقوم برآمد کی گئیں، وہ ہینڈ بیگز، شولڈر بیگز حتیٰ کہ چند مسافروں کی پتلونوں کی بیلٹوں تک میں چھپائی گئی تھیں۔ آکی نے ان رقوم کا پتا اس لیے چلا لیا کہ وہ کیش کرنسی کی بہت ہی ہلکی لیکن انتہائی منفرد بو کو سونگھ لینے میں خصوصی مہارت رکھتا ہے۔ ایک واقعے میں اس کتے نے اس مسافر کو پتا بھی چلا لیا، جس نے 52 ہزار یورو اپنے 'بیلٹ بیگ‘ میں چھپا رکھے تھے۔

گزشتہ برس 24 ملین یورو کی رقوم پکڑی گئیں


آکی جرمنی کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر کسٹمز حکام کی ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، کیش اسمگلنگ اور بین الاقوامی دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی ترسیل کے خلاف کوششوں میں مدد کرتا ہے۔ ایئر پورٹ کسٹمز آفس کی ایک ترجمان نے بتایا، ''آکی کی بہت حساس ناک بھی ہمارا ایک بہت اہم ہتھیار ہے۔ اس نے صرف چند روز میں کئی ایسے مسافروں کی طرف سے یورپی مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی نشان دہی کر دی، جنہیں اب بھاری جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔‘‘

گزشتہ برس صرف فرینکفرٹ ایئر پورٹ پر ایسے بیسیوں مسافر پکڑے گئے تھے، جو مجموعی طور پر تقریباﹰ 24 ملین یورو کی رقوم غیر اعلانیہ طور پر یورپی یونین سے باہر لے جا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */