لوگوں کو اسپین جا نے کا موقع، اسپین کو افرادی قوت کی ضرورت

اسپین حکومت نے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے منصوبہ تشکیل دیا ہے، جس کے ذریعے طلبہ اور اسپین میں رہنے والوں کے مستحق رشتہ داروں کو ورک پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

اسپین کو افرادی قوت کی ضرورت، ورک پرمٹ و طلبہ ویزے دستیاب
اسپین کو افرادی قوت کی ضرورت، ورک پرمٹ و طلبہ ویزے دستیاب
user

Dw

یورپی ملک اسپین کو روزگار کی منڈی میں افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ سوشل سکیورٹی اور مائیگریشن کے وزیر یوزے لوئیس ایسکریوا نے گزشتہ ہفتے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومتی منصوبوں کے بارے میں باقاعدہ طور پر آگاہ کیا۔ ان کے بقول سیاحت، ٹیکنالوجی اور تعمیراتی کاموں کی صنعت میں افرادی قوت کی قلت ہے، جس کی وجہ سے اسپین کی اقتصادی ترقی اور معیشت کی بحالی منفی طور پر متاثر ہو رہی ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے ہسپانوی حکومت جلد ہی سیاحت اور تعمیراتی سیکٹرز میں عارضی مدت کے لیے ویزے اور ورک پرمٹ جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ لوئیس ایسکریوا نے کہا، ''ہم ہجرت سے متعلق قوانین کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ان میں کہاں بہتری کی گنجائش ہے۔ اس کا مقصد اسپین کو درپیش افرادی قوت کی کمی کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے۔‘‘


ہسپانوی حکومت یورپی یونین سے باہر کے ملکوں کے شہریوں کو تقریباً 50,000 ویزے دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہ ویزے طلبہ کو جاری کیے جائیں گے اور انہیں اسپین میں تعلیم کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ منصوبے کے تحت ان افراد کو بھی ویزے جاری کیے جائیں گے، جو خاندان کے کسی رکن، سابقہ طور پر رہائش یا کم از کم دو سال کی ملازمت کے ذریعے اسپین سے تعلق کے شواہد پیش کر سکیں۔ چاہے یہ سب غیر رسمی ہی کیوں نہ ہو۔

امیگریشن قوانین میں ترامیم کے مسودے میں جن ملازمتوں کا بالخصوص ذکر کیا گیا ہے، ان میں ٹیلی مارکیٹنگ کرنے والے، سیلز نمائندگان، ڈلیوری کی گاڑیاں اور سافٹ ویئر ڈیولپرز نمایاں ہیں۔


اسپین کی سیاحت کی صنعت نے مضبوط ریکوری کی ہے، یعنی کورونا کے بعد اس میں بہتری آ رہی ہے مگر کمپنیاں ایسے کارکنوں کی تلاش میں ہیں جو ریستورانوں میں ویٹرز کے طور پر کام کر سکیں اور ہوٹل کے کمرے صاف کر سکیں۔ اس سیکٹر میں افرادی قوت کی کمی البتہ یورپ بھر میں ایک مسئلہ ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسپین میں کئی کاروبار لیبر کا کمی کی وجہ سے ترقی نہیں کر پا رہے۔ یہ خدشہ بھی ہے کہ اسی وجہ سے اسپین کے وبا کے بعد اقتصادی نمو کے یورپی فنڈڈ منصوبے بھی منفی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔


کورونا کی وبا کے دوران ہسپانوی معیشت یورو زون کی سب سے زیادہ متاثرہ معیشت تھی۔ سن 2020 میں وہ گیارہ فیصد گھٹی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */