نئی دہلی جی ٹوئنٹی اجلاس انتشار کا شکار، مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم

نئی دہلی میں جمعرات کو جی ٹوئنٹی وزرائے خارجہ کا اجلاس یوکرین جنگ کے معاملے پر امریکہ اور روس کی الزام تراشیوں کے سبب انتشار کا شکار ہو گیا۔ اس اجلاس میں کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہو سکا۔

نئی دہلی جی ٹوئنٹی اجلاس انتشار کا شکار، مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم
نئی دہلی جی ٹوئنٹی اجلاس انتشار کا شکار، مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم
user

Dw

ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا موقع تھا جب جی ٹوئنٹی گروپ کے وزراء اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہے۔ اس سے قبل بنگلورو میں جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بھی کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہو سکا تھا۔ رواں برس جی ٹوئنٹی کے صدر کے طور پر بھارت نے صدارتی بیان جاری کیا۔

بھارت کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ "زیادہ تر ارکان نے یوکرین میں جنگ کی شدید مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ بے پناہ انسانی مصائب کا سبب بن رہی ہے اور عالمی معیشت میں موجود کمزوریوں میں اضافہ کر رہی ہے۔''


اجلاس کے دوران یوکرین جنگ کے معاملے پر شدید اختلافات دیکھنے کو ملے۔ ایک طرف امریکہ کی قیادت میں مغرب نے اور دوسری طرف روس اور چین نے ایک دوسرے کے خلاف موقف اختیار کیے۔ گوکہ تمام ممالک اپنے اپنے سابقہ موقف پر قائم رہے لیکن اہم بات یہ رہی کہ امریکہ اور بھارت دونوں نے کہا کہ اجلاس کے دستاویز کی بھاری اکثریت نے تائید کی۔

اجلاس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ اجلاس میں جن امور پر غور و خوض کیا گیا ان میں سے "95 فیصد پر" اتفاق رائے تھا۔ البتہ اعلامیے کے دو پیراگراف پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ "ہر کوئی دو پیراگراف پر متفق نہیں تھا۔"


جے شنکر نے کہا، "یوکرین تنازع پر اختلافات تھے جسے ہم دور نہیں کرسکے۔ ہم نے کوشش کی، لیکن ملکوں کے درمیان فاصلہ بہت زیادہ تھا۔" انہوں نے مزید کہا کہ بالی اعلامیے میں "ہم اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب رہے تھے لیکن بالی (جی ٹوئنٹی اجلاس) کے بعد کچھ واقعات ہوئے ہیں...ہم نے دوری کو پاٹنے کی کوشش کی۔"

یوکرین جنگ پر اختلافات برقرار

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں تمام ممالک سے اختلافات کو ایک طرف رکھنے اور مشترکہ بنیادوں پر توجہ مرکوز کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم اجلاس میں کشیدگی کی فضا برقرار رہی اور امریکہ اور روس نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے۔


نئی دہلی کی خواہش تھی کہ اس کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی مالیات جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے لیکن حسب توقع یوکرین پر روس کی فوجی کارروائی پر بحث کا غلبہ رہا۔ اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان مختصر ملاقات بھی رہی۔ گزشتہ جولائی کے بعد یہ دونوں کی پہلی براہ راست ملاقات تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق اس ملاقات میں بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ چاہے جتنا بھی وقت لگے واشنگٹن یوکرین کے دفاع میں اس کا ساتھ دیتا رہے گا۔


امریکہ بلیک میل کر رہا اور دھمکیاں دے رہا ہے، روس

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغربی وفود نے "جی ٹوئنٹی ایجنڈے کو تماشہ میں تبدیل کردیا، وہ معیشت میں اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ماسکو پر ڈالنا چاہتے ہیں۔" انہوں نے مغرب کو یوکرین کو اناج کی برآمدات کی اجازت دینے کے معاہدے کو ناکام بنانے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

اجلاس کے دوران روسی وزیر خارجہ اور چینی وزیر خارجہ نے بھی باہمی ملاقات کی۔ جس کے بعد روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں دونوں ملکوں نے دوسرے ملکوں کو "بلیک میل کرنے اور دھمکیاں دینے'' پر مغربی ملکوں کی تنقید کی ہے۔


بیان میں کہا گیا ہے، "دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت، بلیک میلنگ، دھمکیوں کے ذریعے یکطرفہ سوچ مسلط کرنے اور بین الاقوامی تعلقات کو جمہوری بنانے کی مخالفت کرنے کی کوششوں کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا گیا۔"

امریکی وزیر خارجہ نے کیا کہا؟

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ جی 20 اجلاس روس کی "یوکرین کے خلاف بلا اشتعال اور بلاجواز جنگ اور شہری اہداف کے خلاف جان بوجھ کر تباہ کرنے کی مہم" سے متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی امن اور اقتصادی استحکام کی خاطر روس سے جارحیت کی جنگ ختم کرنے کا مطالبہ جاری رکھنا چاہیے۔


انہوں نے روس اور چین کا نام لے کر کہا کہ ان دونوں ملکوں کی وجہ سے ہی اختلافات دور کرنے کی بھارت کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور اجلاس کسی مشترکہ اعلامیہ کے بغیر ختم ہوگیا۔ بلنکن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،"روس اور چین صرف ایسے دو ممالک تھے جنہوں نے واضح کردیا کہ وہ اعلامیے کے متن پر دستخط نہیں کریں گے۔" انہوں نے کہا کہ امریکہ جی ٹوئنٹی کے لیے بھارت کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔