کاوان بالآخر کمبوڈیا کے لیے روانہ ہو گیا

35 سالہ ہاتھی کاوان آج روانہ ہو گیا۔ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں کاوان کی نا گفتہ بہ حالت عالمی سطح پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی تھی۔

کاوان بالآخر کمبوڈیا کے لیے روانہ ہو گیا
کاوان بالآخر کمبوڈیا کے لیے روانہ ہو گیا
user

ڈی. ڈبلیو

کاوان کو ایک خصوصی جنگلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں سے ایک خصوصی کارگو جہاز اسے لے کر آج صبح چار بجے وہاں سے پرواز کرگیا۔

آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکارہ چیر نے کاوان کے لیے عالمی مہم شروع کی تھی جس کا مقصد اسے کمبوڈیا میں بنائی گئی ہاتھیوں کی پناہ گاہ تک پہنچانا تھا تاکہ وہ اپنے ہم نسلوں کے ساتھ زندگی گزار سکے جہاں پہلے ہی 80 ہاتھی موجود ہیں۔ کاوان کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعے کمبوڈیا بھیجا گیا ہے، جہاں جنگلی جانوروں کے ایک مرکز کے ماہرین نے اس کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔


2012ء سے کاوان کی تنہائی

کاوان کی ساتھی ہتھنی سہیلی 2012ء میں مبینہ طور پر چڑیا گھر کی انتظامیہ کی عدم توجہی اور علاج نہ ملنے کے سبب مر گئی تھی، جس کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔ جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں نے کاوان کی حالت زار کی بہتری کے لیے ایک طویل جدوجہد کی۔ اس مقصد کے لیے ایک آن لائن پٹیشن بھی شروع کی گئی جس پر 2016ء میں دو لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کیے۔


رواں برس مئی میں اسلام آباد کی ایک عدالت نے حکم دیا تھا کہ ذہنی دباؤ کے شکار کاوان کو آزاد کر کے اسے جانوروں کے کسی مرکز میں منتقل کیا جائے۔

رواں برس ستمبر میں ویانا میں قائم 'فور پاز‘ نامی تنظیم نے کاوان کی طبی اور جذباتی صحت کا معائنہ کیا تھا تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا وہ ایک طویل سفر اور دیگر ہاتھیوں کے ساتھ رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔ جانوروں کے ڈاکٹر عامر خلیل نے گزشتہ کئی ہفتے کاوان کے ساتھ گزارے اور اسے خاص طور پر بنائے گئے جنگلے میں سفر کے لیے اس کی تربیت کی۔


ایشیائی ہاتھی کاوان محض ایک برس کا تھا جب 1985ء میں سری لنکا کی حکومت نے اسے سابق فوجی آمر ضیاء الحق کی حکومت کو بطور تحفہ دیا تھا۔

کاوان پر دستاویزی فلم


کاوان کے حق میں امریکی گلوکارہ چَیر نے بھی اور لوگوں کے ساتھ مل کے بھرپور آواز بلند کی تھی۔ انہوں نے کاوان کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم بنانے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ چیر نے کاوان کی روانگی کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا ہے اور انہوں نے جمعے کے روز پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر چَیر نے کاوان کے علاج اور اس کی کمبوڈیا منتقلی کے فیصلے اور حکومتی کاوشوں کو سراہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔