مسولینی کے بھائی کے نام پر پارک؟ اطالوی وزیر کو مستعفی ہونا پڑ گیا

اٹلی میں ایک وزیر کو ایک پارک کا نام ماضی کے ڈکٹیٹر بینیٹو مسولینی کے بھائی آرنالڈو کے نام پر رکھنے کی تجویز دینے پر مستعفی ہونا پڑ گیا۔ بینیٹو مسولینی نازی جرمن رہنما اڈولف ہٹلر کا حلیف تھا۔

مسولینی کے بھائی کے نام پر پارک؟ اطالوی وزیر کو مستعفی ہونا پڑ گیا
مسولینی کے بھائی کے نام پر پارک؟ اطالوی وزیر کو مستعفی ہونا پڑ گیا
user

Dw

اطالوی دارالحکومت روم سے ستائیس اگست کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم ماریو دراگی کی کابینہ کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دُوریگون اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ ان کے انتخابی حلقے اور ملکی دارالحکومت روم سے جنوب کی طرف واقع شہر لاٹینا میں واقع ایک پارک کا نام بدل کر آرنالڈو مسولینی کے نام پر رکھ دیا جائے۔

بینیٹو مسولینی کا معتمد آرنالڈو مسولینی

دراگی حکومت میں معیشت اور خزانے کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دُوریگون نے اپنی تجویز میں کہا تھا کہ 1922 سے لے کر 1943 تک اٹلی پر حکومت کرنے والے فاشسٹ ڈکیٹر بینیٹو مسولینی کے بھائی آرنالڈو ایک صحافی اور ماہر زراعت تھے اور لاٹینا کے قصبے میں ایک مشہور پارک کا نام بدل کر آرنالڈو مسولینی کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔


مگر جس بات پر اپنی تجویز میں جونیئر وزیر دُوریگون نے کوئی زور نہیں دیا تھا، وہ یہ تھی کہ آرنالڈو مسولینی اپنے بھائی بینیٹو مسولینی کے بہت قریبی معتمد بھی تھے۔

انتہائی دائیں بازو کی پارٹی کی طرف سے حمایت

کلاؤڈیو دُوریگون کا تعلق اٹلی میں انتہائی دائیں بازو کی لیگ نامی عوامیت پسند سیاسی جماعت سے ہے۔ ان کی اس متنازعہ تجویز کی شروع میں لیگ پارٹی اور اس کے مرکزی رہنما ماتیو سالوینی نے بھی حمایت کی تھی۔ سالوینی کی پارٹی موجودہ وزیر اعظم دراگی کی متحدہ قومی حکومت میں شامل جاعتوں میں سے ایک ہے۔


لیگ پارٹی گزشتہ کئی مہینوں سے خود کو انتہائی دائیں بازو کی ایک پاپولسٹ جماعت کے بجائے ایک اعتدال پسند پارٹی کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں میں ہے۔

غلطی کا اعتراف

اٹلی میں خزانے اور معیشت کے جونیئر وزیر دُوریگون کی تجویز اتنی غیر متوقع تھی کہ ملک بھر میں اس پر شدید تنقید شروع ہو گئی تھی۔ یہاں تک کہ خود ان کی اپنی جماعت کے کئی رہنما بھی ان پر تنقید کرنے لگے تھے۔


اس بحث کا نتیجہ یہ نکلا کہ دُوریگون کو اپنے وزارتی عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا۔ استعفیٰ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ''میں اعتراف کرتا ہوں کہ مجھ سے لاٹینا میں ایک پارک کا نام بدل دینے کی تجویز کے حوالے سے غلطی ہوئی۔ لیکن میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نہ تو کوئی فاشسٹ ہوں اور نہ کبھی فاشسٹ رہا ہوں۔‘‘

متنازعہ تجویز کی وضاحت

کلاؤڈیو دُوریگون 2018ء سے اطالوی پارلیمان کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ جب ان کی جماعت موجودہ مخلوط حکومت میں شامل ہوئی، تو انہیں خزانے اور معیشت کا جونیئر وزیر بنا دیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی متنازعہ تجویز کے حق میں دلیل یہ دی تھی کہ وہ لاٹینا میں پارک کا نام بدل کر مسولینی خاندان کے لیے اظہار عقیدت نہیں کرنا چاہتے تھے، بلکہ مقصد اس علاقے کی تاریخی اہمیت کو سامنے لانا تھا۔


اس پارک کی خاص بات یہ ہے کہ یہ لاٹینا اور اس کے ارد گرد کے نشیبی خطے میں 1930 کی دہائی میں وسیع تر دلدلی زمین کو صاف کر کے بنایا گیا تھا۔ اسی لیے یہ منصوبہ مسولینی حکومت کے سب سے بڑے عوامی تعمیراتی منصوبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

لاٹینا کا پارک اس وقت دو مقتول ججوں سے موسوم

کلاؤڈیو دُوریگون نے لاٹینا کے جس پارک کا نام آرنالڈو مسولینی پارک رکھنے کی تجویز دی تھی، وہ 2017ء سے دو ایسے معروف اطالوی ججوں سے موسوم ہے، جنہیں قتل کر دیا گیا تھا۔ پاؤلو بورسیلینو اور جیوانی فالکونے نامی یہ دونوں جج اطالوی مافیا گروپوں کے خلاف اپنے عدالتی فیصلوں کی وجہ سے بہت شہرت اختیار کر گئے تھے۔ بعد ازاں انہیں قتل کر دیا گیا تھا، جس کا سبب بظاہر ان کے عدالتی فیصلے ہی بنے تھے۔


ماتیو سالوینی کا بیان

اپنی جماعت کے اس وزیر کی طرف سے استعفے کے اعلان کے بعد لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے ایک بیان میں کلاؤڈیو دُوریگون کی بطور جونیئر وزیر خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سالوینی نے اس بیان میں کہا، ''وہ اٹلی اور لیگ پارٹی کے لیے اپنی محبت کی وجہ سے مستعفی ہوئے ہیں اور اس لیے بھی کہ ان کے ملکی کابینہ میں رہنے کی وجہ سے موجودہ حکومت کی کارکردگی سست نہ ہو جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔