کورونا نے جرمن باشندوں کے کھانا پکانے کی پول کھول دی

یہ واضح ہے کہ جرمن لوگ عموماً فاسٹ فوڈ اور تیار شدہ کھانوں پر تکیہ کرتے ہیں۔ اب کورونا لاک ڈاؤن میں ان کے کھانے پکانے کی محدود صلاحیتیں کھل کر سامنے آ گئیں ہیں۔

کورونا نے جرمن باشندوں کا کھانا پکانے کا پول کھول دیا
کورونا نے جرمن باشندوں کا کھانا پکانے کا پول کھول دیا
user

ڈی. ڈبلیو

کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دنوں میں مختلف اقوام کے لوگوں کو گھروں میں رہتے ہوئے اپنے روایتی کھانے پکانے کا موقع مل رہا ہے۔ اس طرح کوکنگ گھروں میں بند بے شمار لوگوں کو ایک فن اور شوق کے طور پر راحت و فرحت فراہم کر رہی ہے۔ کھانے کے شوقین افراد کو لاک ڈاؤن نے روزانہ کی بنیاد پر دوپہر اور شام کے لیے مختلف کھانوں کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر رکھا ہے۔

مختلف ممالک میں ذائقوں کی ایک انوکھی دنیا پائی جاتی ہے۔ اسی طرح یورپی اقوام میں بھی انواع و اقسام کی ڈِشز پائی جاتی ہیں۔ جرمن باشندوں کے دستر خوان پر ہر روز ایک نئی ڈِش پکا کر رکھنا اور اُسے کھانا، کورونا وائرس کی وبا کے دوران بہت ضروری ہو گیا ہے۔ وبا نے کثیر تعداد میں جرمن خواتین و حضرات کی کھانا پکانے کی صلاحیتوں کو ظاہر کر دیا ہے۔ اب جرمن لوگوں کی ایک بڑی تعداد سپر مارکیٹوں میں جا جا کر کھانوں کی تراکیب کی کتابیں تلاش کرتے پھر رہے ہیں تا کہ وہ بھولی بِسری ڈِشوں کی روایت کو دوبارہ سے زندہ کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں، ’نفرت وتعصب کا وائرس ملک کی اتحاد و سالمیت کیلئے مضر‘


جرمن ادارے فیڈریشن آف فُوڈ اینڈ ڈرنک انڈسٹریز (BVE) نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ گھروں میں روزانہ کی بنیاد پر کھانا پکانے کے سلسے میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بی وی اِی ادارے کے جنرل مینیجر کرسٹوف مِنحوف کا کہنا ہے کہ جرمن باشندوں کی کھانا پکانے کی صلاحیتیں گزشتہ کئی برسوں سے زوال پذیر ہیں اور اب ان مشکل حالات نے ان کی توجہ معمول کی زندگی کے اس انتہائی اہم پہلو کی جانب مبذول کی ہے۔

مِنحوف مزید کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے کی کسی حد تک ممانعت ہے اور ریسٹورانٹس کی بندش نے جرمن لوگوں کو کچن یا باورچی خانوں کی جانب دوبارہ راغب کر دیا ہے۔ ان کے مطابق لوگ اب اپنے ذائقوں کی خاطر مختلف کھانے پکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سماجی ماہرین کا خیال ہے کہ لاک ڈاؤن نے جرمن عوام کو کچن کی دوبارہ راہ دکھا کر ایک اہم سماجی رویے کو پھر سے زندہ کر دیا ہے۔


کرسٹوف مِنحوف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے 'سوشل ڈسٹینسنگ‘ کی پابندی نے عام جرمن افراد کو قریبی دوکان سے فرنچ فرائز اور اطالوی پیزا لے کر کھانے سے محروم کر دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کے اب پیٹ بھرنے کے لیے جرمن عوام اپنے اپارٹمنٹ کے کچن میں چائے یا کافی بنانے کے ساتھ ساتھ تازہ کھانا پکانے پر بھی مجبور ہیں۔ مِنحوف کہتے ہیں سپر مارکیٹوں میں اکثر جرمن لوگ یہ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ وہ اپنے لیے چکن، سبزی والا یا پھر بیف برگر کیسے بنا سکتے ہیں؟

اس جرمن ادارے کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ابتدائی ایام میں سپر مارکیٹوں میں بنیادی ضروریات کی کئی اشیاء کی عدم دستیابی ہو گئی تھی کیونکہ آٹا، گھی، مصالحے اور ایسی دوسری چیزیں لوگوں نے فوراً خرید کر ذخیرہ کر لی تھیں۔ اس باعث بہت بڑی تعداد میں جرمن باشندے اپنے کچن میں کھانا پکانے کے لیے درکار ضروری سامان حاصل کرنے سے قاصر رہ گئے تھے۔ اس پریشانی کا سبب لوگوں کا تیار شدہ کھانے خرید کر کھانے کی عادت تھی۔


رواں مہینے کے اوائل میں دو جرمن جریدوں نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کوبتایا کے ان کے قارئین نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ کھانا پکانے کی تراکیب کے خصوصی صفحات شائع کریں۔ ان جریدوں کے مطابق یہ درخواست اس لیے کی گئی کیونکہ کھانا پکانے کی ترکیب کی کتابیں مارکیٹوں سے لوگوں نے خرید لی ہیں۔ اسی طرح آن لائن کھانا پکانے والی ویب سائٹوں کے صارفین میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔