امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا

امریکی صدر جو بائیڈن بھارت میں یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے والے تھے لیکن خبروں کے مطابق انہوں نے یہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا
user

Dw

اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اگلے ماہ بھارت کے دورے پر نہیں آرہے ہیں۔ وہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرنے والے تھے۔ چونکہ بائیڈن جنوری میں بھارت نہیں آئیں گے اس لیے سمجھا جاتا ہے کہ چار ملکوں کے اتحاد 'کواڈ' کی بھارت میں اگلے ماہ مجوزہ میٹنگ بھی اب نہیں ہوگی۔ یہ میٹنگ 27 جنوری کو ہونے والی تھی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب چند دنوں قبل ہی امریکی محکمہ انصاف نے کہا تھا کہ نیویارک میں مقیم ایک معروف سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنون کے قتل کے ناکام منصوبے میں ایک بھارتی سرکاری اہلکار بھی شامل تھا۔ حالانکہ بھارت نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ بھارت سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے اور بھارت تشدد کی پالیسی کے خلاف ہے۔


بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے ستمبر میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر جوبائیڈن کو 26 جنوری کو ہونے والی یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر مدعو کیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ دہلی میں جی 20 سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے صدر بائیڈن کو یہ پیش کش کی تھی۔ حالانکہ بھارت کی جانب سے سرکاری طورپر اس کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

دریں اثنا ایک سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کواڈ سربراہی کانفرنس کی ترمیم شدہ تاریخوں کے لیے کواڈ کے دیگر اراکین کے ساتھ بات چیت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کواڈ سمٹ اب آئندہ برس کسی اور وقت ہو گی۔ کواڈ امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل ایک بین ملکی سفارتی نیٹ ورک ہے۔


بھارت کے لیے پریشانی

امریکی صدر کی جانب سے یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپرشرکت نہ کرنے کے فیصلے نے بھارت کو مشکل حالات میں ڈال دیا ہے۔کیونکہ بھارت کو یوم جمہوریہ تقریبات کے مہمان خصوصی کے لیے کسی دوسرے رہنما کو تلاش کرنا ہو گا جب کہ اس کے انعقاد میں صرف چھ ہفتے ہی رہ گئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جو بائیڈن کے بھارت نہ آنے کے فیصلے کے پیچھے کئی دیگر عوامل بھی کارفرما ہیں۔ ان میں اگلی مدت کے لیے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی کوشش، جنوری کے اواخر یا فروری کے اوائل میں اسٹیٹ آف دی یونین خطاب اور اسرائیل حماس تصادم سمیت متعدد عالمی بحران شامل ہیں۔


بھارت یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر کسی غیر ملکی رہنما کو مدعو کرنے کا اہم اعزاز اپنے قریب ترین اتحادی یا شراکت داروں کو ہی دیتا ہے۔ کووڈ انیس کی وبا کی وجہ سے سن 2021 اور 2022 میں تقریبات میں کسی کو مہمان خصوصی نہیں بنایا گیا تھا لیکن رواں برس کی یوم جمہوریہ تقریبات میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی مہمان خصوصی کے طورپر موجود تھے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب کسی امریکی صدر نے یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی دعوت مسترد کی ہے۔ اس سے قبل سن 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض گھریلو مصروفیات کے سبب یوم جمہوریہ تقریبات میں شرکت کرنے سے منع کردیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔