یو اے ای میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کے لیے اچھی خبر، سب کوعام معافی

متحدہ عرب امارات نے ملک میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا ہے۔ بغیر ویزے کے رہنے والے پاکستانیوں کوچھ ماہ کا ویزہ بھی دیا جائے گا اور ان کا جرمانہ بھی معاف کر دیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات: غیرقانونی تارکین وطن کے لیے عام معافی
متحدہ عرب امارات: غیرقانونی تارکین وطن کے لیے عام معافی
user

ڈی. ڈبلیو

متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی تارکین وطن کے لیے تین ماہ کی عام معافی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس عرب ریاست میں ویزے کے بغیر رہنے والے افراد کو روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ کیا جاتا ہے اور کوئی بھی غیرملکی اس وقت تک یہ ملک نہیں چھوڑ سکتا، جب تک وہ مکمل جرمانہ ادا نہیں کر دیتا۔ حکومت نے ابھی تک کوئی باقاعدہ اعداد و شمار تو جاری نہیں کیے لیکن اندازوں کے مطابق پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور فلپائن کے سینکڑوں غیر ملکی اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں گے۔

دبئی میں دفتر برائے رہائش اور غیرملکی امور کے ڈائریکٹر میجر جنرل محمد احمد المری کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’اب کوئی بھی اپنے مکان میں بیٹھا نہیں رہے گا۔ یہ ان کے لیے اپنے مسائل حل کرنے کا بہترین موقع ہے۔‘‘ متحدہ عرب امارات کی کل آبادی تقریباً نو ملین ہے اور ان میں سے تقریباً 88 فیصد غیرملکی ہیں۔

عام طور پر غیرملکیوں کو ویزے کے بغیر ملک میں رہنے کے جرم میں 25 سے ایک سو درہم کا جرمانہ کیا جاتا ہے۔ جرمانے کا انحصار ویزے کی قسم پر ہوتا ہے۔ جیسے جیسے جرمانہ بڑھتا جاتا ہے، متاثرہ شخص کے اس ملک سے باہر نکلنے کی امید کم ہوتی جاتی ہے۔

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے فلپائن کے نکولس ٹولینٹیو کا کہنا تھا ’’فرض کریں آپ کو 50 ہزار درہم جرمانہ ادا کرنا ہے، یہ بہت ہی زیادہ رقم ہے۔‘‘ متحدہ عرب امارات میں اس طرح ویزے کے بغیر رہنے والے غیرقانونی طور پر روزگار کی تلاش کرتے ہیں اور پھر ان کا بھرپور طریقے سے استحصال بھی کیا جاتا ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق صرف سن 2017 میں 25 ہزار افراد نے متحدہ عرب امارات میں اپنے ویزے سے زیادہ قیام کیا تھا۔

محمد احمد المری کا کہنا تھا ’’یہ کریمنل نہیں ہیں۔ ہم ان کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ دوبارہ آغاز کر سکیں۔‘‘ متحدہ عرب امارات میں اس حوالے سے متعدد سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں اور سفری دستاویزات کی تیاری کے لیے مختلف ممالک کے سفارت خانے بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔ مثال کے طور پر فلپائن اپنے شہریوں کی واپسی ممکن بنانے اور کاغذات کی تیاری کے لیے برائے نام فیس وصول کر رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں سن 1996 کے بعد یہ پانچویں عام معافی ہے۔ سن 2013 میں اسی طرح کی اسکیم سے ساٹھ ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا تھا۔ اس مرتبہ نہ صرف جرمانے معاف کیے جا رہے ہیں بلکہ واپس جانے والے غیرملکی نئے ویزے کے ساتھ دوبارہ اس ملک میں ملازمت کے لیے آ سکتے ہیں۔ اس مرتبہ غیرقانونی تارکین وطن کو 6 ماہ تک کے عارضی ویزے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے لیے نیا روزگار تلاش کر سکیں۔ اسی طرح یمن اور شام جیسے جنگ سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کو ایک سالہ رہائشی ویزے دیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Aug 2018, 11:41 AM