’بلیک فاریسٹ ریمبو‘ آخرکار پکڑا گیا

جرمن جنگلاتی علاقے بلیک فاریسٹ میں ہتھیاروں سے لیس ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص کو گرفتار کرنے کے لیے پانچ روز تک پولیس تلاش جاری رکھے ہوئے تھی۔

’بلیک فاریسٹ ریمبو‘ آخرکار پکڑا گیا
’بلیک فاریسٹ ریمبو‘ آخرکار پکڑا گیا
user

ڈی. ڈبلیو

گھنے جنگلات کے جرمن علاقے بلیک فاریسٹ میں چھپے ہوئے مسلح شخص نے فوجی انداز کی وردی پہن کر خود کو کیموفلاج کر رکھا تھا۔ اس شخص نے گشت پر مامور چار پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی چھین لیے تھے۔ گزشتہ اتوار گیارہ جولائی کو پولیس اہلکاروں سے ہتھیار چھیننے کا یہ حیران کن واقعہ بلیک فاریسٹ کے جس مقام پر رونما ہوا، وہ جنوبی جرمن شہر اوفن بیرگ کے قریب ہے۔

جنگل میں چھپے اس شخص کو جرمن میڈیا اپنی رپورٹنگ میں'بلیک فاریسٹ ریمبو‘ قرار دے رہا تھا۔ اس شخص کو گرفتار کرنے کے لیے بلیک فاریسٹ میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے مسلسل پانچ روز تک تلاش کرنے کے بعد اسے حراست میں لے لیا۔ تلاش کے اس عمل میں پولیس اہلکاروں کی نگرانی اور مطلوبہ شخص کی نشاندہی کے لیے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ 'بلیک فاریسٹ ریمبو‘ کو گرفتار کرنے کی پولیس نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔


گرفتار کیے گئے شخص کی عمر اکتیس برس ہے اور اس کا نام جرمن پرائیویسی قانون کے تحت افشاء نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بظاہر یہ ایک بے گھر یا ہوم لیس شخص ہے۔ اس کے قبضے سے متعدد ہتھیار بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

جب اس پراسرار شخص کو حراست میں لیا گیا، تو یہ جھاڑیوں میں خود کو چھپا کر بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے کچھ دیر تک اپنی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی لیکن پھر اس کا مزاحمتی سلسلہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ گرفتاری کے وقت بھی وہ فوجی وردی یا کیموفلاج تھا۔


پولیس کے مطابق اب اس شخص کے مختلف نفسیاتی ٹیسٹ کروائے جائیں گے تاکہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ اس کی دماغی حالت درست ہے یا پھر اسے کس قسم کا ذہنی خلل لاحق ہے۔ اس کے الکوحل یا دوسری منشیات استعمال کرنے کے ٹیسٹ بھی کروائے جائیں گے۔

اس پراسرار شخص کی گرفتاری کی تصدیق پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں کی۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ اس شخص کے پاس دیگر ہتھیاروں میں ایک کلہاڑا بھی شامل تھا۔ گرفتاری سے قبل ہونے والی مزاحمت میں چند پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے اور 'بلیک فاریسٹ ریمبو‘ خود بھی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے لاؤڈ اسپیکر سے بھی اس شخص کو ہتھیار پھینکنے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے اعلان کیے۔


مقامی پراسیکیوٹر ہیرویگ شیفر کے مطابق یہ شخص جنگل میں رہنے والے انسان 'ووڈ مین‘ کے روپ میں تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس اس کے سابقہ اپارٹمنٹ کو تلاش کرنے میں بھی کامیاب رہی اور وہاں سے بھی مختلف ہتھیار دستیاب ہوئے ہیں۔ اس اپارٹمنٹ کو چھوڑ کر پچھلے سال اس شخص نے جنگل میں رہنا شروع کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔