جرمن پارلیمان پر قوس قزح پرچم لہرائے گا

جرمن پارلیمان کا ایل جی بی ٹی کیو اے کمیونٹی کے حق میں ایک بڑا فیصلہ، قوس قزح پرچم اب پارلیمان کی عمارت پر لہرائے گا۔

جرمن پارلیمان پر قوس قزح پرچم لہرائے گا
جرمن پارلیمان پر قوس قزح پرچم لہرائے گا
user

Dw

جرمن پارلیمان کی عمارت پر مستقبل میں کرسٹوفر سٹریٹ ڈے کے موقع پر قوس قزح کے رنگوں والا پرچم لہرایا کرے گا۔ قوس قزح پرچم ایل جی بی ٹی کیو اے کمیونٹی کی نمائندگی کرتا ہے۔

جرمن پارلیمان کے پریس دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی پارلیمان کے صدر کی جانب سے قوس قزح پرچم لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایل جی بی ٹی کیو اے کے عالمی دن کے موقع پر بھی قوس قزح پرچم جرمن پارلیمان کی عمارت پر دکھائی دے گا۔


پارلیمان کے اسپیکر کے قریبی ذرائع نے اس بارے میں مزید بتایا کہ اس تجویز پر متفقہ طور پر فیصلہ ہوا اور کسی بھی رکن کی جانب سے اس کی مخالفت نہیں کی گئی۔ یہ پہلی مرتبہ ہو گا کہ جرمن پارلیمان کی عمارت پر جرمنی کے قومی یا یورپی پرچم کے علاوہ کوئی اور جھنڈا لہرائے گا۔

رائش ٹاگ کی عمارت

جرمن پارلیمان کی عمارت کو رائش ٹاگ بلڈنگ بھی کہا جاتا ہے۔اس عمارت کی تعمیر 1884ء میں شروع ہو کر 1894ء میں مکمل ہوئی تھی۔ 1933ء میں آتشزدگی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا تھا۔ اسپیکر کے دفتر کی جانب سے کیے جانے والے اس فیصلے کے بعد ماہرین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اس عمارت کے کس حصے پر قوس قزح پرچم لہرایا جائے گا۔


'واضح پیغام دینا ضروری تھا‘

نائب صدر کاٹرن گؤرنگ ایکہارڈ نے بتایا کہ یہ بہت ضروری تھا کہ پارلیمان کی جانب سے اس تناظر میں ایک واضح پیغام دیا جائے، ''جرمنی ایک آزاد ملک ہے، جہاں سب کو آزادی حاصل ہے، یہ ملک متنوع اور جمہوری ہے۔ یہاں پر جنسی اور صنفی تنوع کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے اور ہر قسم کے امتیازی سلوک کو مسترد کیا جاتا ہے۔‘‘

کرسٹوفر سٹریٹ ڈے

برلن سمیت جرمنی کے دیگر شہروں میں ہر سال کرسٹوفر سٹریٹ ڈے 'سی ایس ڈی‘ کا تہوار منایا جاتا ہے۔ اس سال جرمن دارالحکومت میں تیئیس جولائی کو سی ایس ڈی پریڈ ہو گی۔برلن میں ہر سال لاکھوں افراد اس موقع پر موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ سترہ مئی کو ایل جی بی ٹی کیو اے کمیونٹی سے نفرت کے خلاف دن منایا گیا۔


کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے کا آغاز امریکا سے ہوا تھا۔ جون 1969ء میں نیو یارک میں اسی نام کی شاہراہ پر ہم جنس پسند مرد اور خواتین نے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ دن دنیا بھر میں مختلف شہروں میں منایا جاتا ہے۔ جرمنی میں اس حوالے سے دارالحکومت برلن اور کولون سر فہرست ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔