دھوکے بازوں کو دھوکا دینے والا پینشنر: پولیس خوش، مقدمہ درج

یہ تو شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی ممکنہ شکار دھوکے بازوں کو ہی دھوکا دے دے اور پولیس اہلکار جرم کی اطلاع پا کر زیر لب مسکرا بھی دیں۔

دھوکے بازوں کو دھوکا دینے والا پینشنر: پولیس خوش، مقدمہ درج
دھوکے بازوں کو دھوکا دینے والا پینشنر: پولیس خوش، مقدمہ درج
user

Dw

ایک دلچسپ واقعہ جنوبی جرمنی میں کونسٹانس کے علاقے میں پیش آیا۔ کونسٹانس شہر میں ایک پینشنر کو چند نامعلوم افراد نے فون کیا اور کہا کہ جس عمارت میں وہ رہتا ہے، وہاں آج کل میں کسی بہت بڑی چوری کا شدید خطرہ ہے۔ اس لیے اس شخص کو عارضی طور پر اپنے گھر میں موجود تمام زیورات اور سبھی قیمتی اشیاء پولیس کی حفاظتی تحویل میں دے دینا چاہییں۔

'پولیس اہلکار بیگ لینے آئے گا‘


فون کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اسی علاقے کے پولیس اسٹیشن کا ایک اہلکار تھا اور چند گھنٹوں بعد سادہ لباس میں ایک دوسرا پولیس اہلکار اس کے گھر آئے گا، جس کے حوالے کرنے کے لیے زیورات سمیت تمام قیمتی اشیاء کسی بیگ میں اچھی طرح بند کر کے گھر کے دروازے کے باہر رکھ دی جانا چاہییں۔

پینشنر نے کچھ دیر سوچنے کے بعد اپنے گھر کے باورچی خانے سے ایک پرانا فرائنگ پین اٹھایا، اسے اچھی طرح لپیٹ کر چند دیگر بےوقعت اشیاء کے ساتھ ایک بیگ میں عمدہ طریقے سے بند کیا اور گھر کے دروازے کے سامنے رکھ دیا۔ پھر کچھ ہی دیر بعد ان مجرموں میں سے ایک اس شخص کے گھر تک آیا اور اپنے لیے وہاں رکھا گیا 'زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء‘ والا بیگ اٹھا کر اسے کھولے بغیر فوراﹰ وہاں سے رفوچکر ہو گیا۔


'اصلی‘ پولیس کو اطلاع


اس واقعے کے بعد اس بزرگ جرمن شہری نے 'اصلی‘ مقامی پولیس کو فون کیا اور ساری تفصیل بتا دی۔ پولیس اہلکار اس پینشن یافتہ شہری کی کہانی سن کر مسکرا دیے اور اس کے شکر گزار بھی ہوئے کہ اس نے ایک پرانا دھاتی فرائنگ پین دے کر مجرموں کو سبق سکھا دیا تھا۔

کونسٹانس پولیس نے جمعے کے روز بتایا کہ یہ واقعہ بدھ سترہ فروری کو پیش آیا اور نامعلوم افراد کے خلاف مجرمانہ دھوکا دہی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


دھوکا کھا جانے والے دھوکے باز

پولیس نے کہا ہے کہ وہ دھوکا کھا جانے والے دھوکے بازوں کی تلاش میں ہے۔ کونسٹانس پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر دھوکے باز دو تھے، جن کے بارے میں ابھی یہ معلوم نہیں کہ وہ دونوں مرد تھے یا ایک مرد اور ایک عورت۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ جو ملزم پینشنر کے گھر سے بیگ لے کر گیا تھا، اس نے اپنے سر پر سنہری بالوں والی وِگ پہن رکھی تھی۔


پولیس نے دونوں دھوکے بازوں کا حلیہ بیان کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر عوام سے معلومات کی صورت میں رابطے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */