بھارت: لاچار باپ بیٹے کی لاش تھیلے میں لے جانے پر مجبور

بھارتی صوبے مغربی بنگال میں ایمبولینس کے لیے خاطر خواہ رقم نہ ہونے کے سبب ایک باپ کو اپنے چھ ماہ کے بیٹے کی لاش مجبوراً تھیلے میں لے جانا پڑا۔ اس افسوس ناک واقعے پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔

بھارت:  لاچار باپ بیٹے کی لاش تھیلے میں لے جانے پر مجبور
بھارت: لاچار باپ بیٹے کی لاش تھیلے میں لے جانے پر مجبور
user

Dw

بھارتی صوبے مغربی بنگال میں ایمبولینس کے لیے 8000 روپے نہ ہونے کی وجہ سے ایک غمزدہ باپ کو اپنے پانچ ماہ کے بچے کی لاش کو سلی گوڑی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور اپنے آبائی گاوں کالیا گنج تک ایک تھیلے میں رکھ کر بس کے ذریعہ لے جانا پڑی۔

اشیم دیب شرما نے اتوار کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا، "سلی گڑی کے ایک سرکاری ہسپتال میں پچھلے چھ دنوں سے میرے پانچ ماہ کے بچے کا علاج چل رہا تھا، گزشتہ رات اس کی موت ہوگئی۔ میں نے اس کے علاج پر 16000 روپے خرچ کر دیے۔ جب میں نے اپنے بچے کی لاش کو لے جانے کے لیے ایمبولینس والے سے بات کی تو اس نے 8000 روپے مانگے، جو میرے پاس نہیں تھے۔"


دیب شرما کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اس نے بچے کی لاش ایک تھیلے میں ڈالی اور سلی گوڑی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور اپنے گھر کالیا گنج کے لیے ایک بس پر سوار ہو گیا۔ اس نے کسی کو اس کی بھنک نہیں لگنے دی کیونکہ اسے خوف تھا کہ اگر مسافروں یا بس کے کنڈکٹر کو حقیقت کا علم ہوگیا تو وہ اسے بس سے اتار دیں گے۔

دیب شرما نے کہا کہ اس نے مفت سرکاری ایمبولینس خدمات فراہمی اسکیم کے تحت ایمبولیس آپریٹر سے منت سماجت بھی کی لیکن اس کا کہنا تھا کہ مفت خدمات صرف مریضوں کے لیے ہے، لاشوں کے لیے نہیں۔ دیب شرما کا کہنا تھا، ''یہ سن کر مجھے بہت صدمہ پہنچا اور میرے پاس بچے کی لاش کو تھیلے میں رکھ کر لے جانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔"


سیاست بھی شروع

اس واقعے پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی قیادت والے مغربی بنگال میں سیاست شروع ہو گئی ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن جماعت بی جے پی کے رہنما سویندھو ادھیکاری نے صحت خدمات کی دستیابی اور ان کی افادیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے ریاستی حکومت کی نکتہ چینی کی۔ دوسری طرف حکمراں ترنمول کانگریس نے ہندو قوم پرست جماعت پر ایک بچے کی افسوس ناک موت پرسیاست کرنے کا الزام لگایا۔

ادھیکاری نے متاثرہ شخص کی ویڈیو منسلک کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا، "ہمیں تکنیکی تفصیلات میں جانے کی ضرورت نہیں لیکن کیا یہی وہ سواستھ ساتھی (صحت اسکیم) ہے، جو ریاستی حکومت فراہم کر رہی ہے؟ بدقسمتی سے حکومت کے 'ایگئے بنگلا' (ترقی یافتہ بنگال) ماڈل کی اصل حقیقت یہی ہے۔"


خیال رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے پاس وزارت صحت کا بھی قلمدان ہے۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سانتانو سین نے بی جے پی پر ایک بچے کی افسوس ناک موت پر "گندا سیاسی کھیل" کھیلنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "یہ واقعہ یقیناً افسوس ناک ہے لیکن اپوزیشن لیڈر لاشوں پر بھی اپنی گندی سیاست سے باز نہیں آتے ہیں۔"

ٹی ایم سی رہنما کا کہنا تھا، "چند روز قبل کا واقعہ وہ غالباً بھول گئے جب ان کے قافلے میں شامل ایک کار نے ایک شخص کو ٹکر ماردی جس سے اس کی موت ہوگئی لیکن ان کے قافلے نے رکنے کی بھی زحمت محسوس نہیں کی۔ چند ماہ قبل جب وہ پولیس کی اجازت کے بغیر کمبل تقسیم کر رہے تھے تو بھگدڑ میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس لیے اس طرح کے بیانات ان کو زیب نہیں دیتے۔ یہ لاشوں پر سیاست کرنے کی ان کی پرانی عادت ہے۔"


دریں اثنا ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص نے ایمبولنس کے لیے ان سے رجوع نہیں کیا تھا ورنہ وہ کچھ نہ کچھ انتظام ضرور کرتے۔ خیال رہے کہ جنوری میں مغربی بنگال کا ہی ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں ایک شخص کو اپنی 72سالہ بیوی کی لاش کو کاندھے پر اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ وہ شخص بھی ایمبولینس کے لیے مطلوبہ رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔