فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی آمدن میں پہلی بار کمی

میٹا، جو فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ وغیرہ کی مالک کمپنی ہے، متعدد اقتصادی دشواریوں سے دوچار ہے۔ تاہم مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ وہ "کم وسائل کے باوجو زیادہ حاصل کرلیں گے۔"

فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی آمدن میں پہلی بار کمی
فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی آمدن میں پہلی بار کمی
user

Dw

میٹا کی آمدن دوسری سہ ماہی میں ایک فیصد گر کر 28.8 ارب ڈالر رہ گئی، جو کہ وال اسٹریٹ کی پیش قیاسی سے بھی کم ہے۔ کمپنی نے اشتہارات سے ہونے والی آمدن میں کمی، کساد بازاری کا خوف، امریکی ڈالر کی مضبوطی اور بڑھتی ہوئی مسابقت کو اس گراوٹ کی وجہ بتایا ہے۔

فیس بک دنیا کا سب سے بڑا سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے۔ انسٹاگرام، واٹس ایپ اور اوکولس جیسی سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز اسی کمپنی کی ملکیت ہیں۔ اور اس نے میٹاورس اسپیس میں بھی اپنے قدم بڑھانے شروع کر دیے ہیں۔


میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے تجزیہ کاروں کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "یہ وقت زیادہ توجہ کا متقاضی ہے۔ ہمیں کم وسائل کے ساتھ زیادہ کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔"

انڈسٹری کی ترقی جمود کا شکار

میٹا نے بتایا کہ دوسری سہ ماہی میں فیس بک کے پاس ماہانہ 2.93 ارب سرگرم یوزر تھے، جو کہ ایک فیصد اضافہ ہے، لیکن یہ تجزیہ کاروں کے توقعات سے کم ہے۔


سوشل میڈیا کی تجزیہ کارڈیبرا اہو ولیم سن نے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، "اچھی خبر، اگر ہم کہہ سکتے ہیں تو یہ ہے کہ اس کے مسابقت کار بھی ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ میں سست روی سے دوچار ہیں۔"

ٹوئٹر اور اسنیپ انکارپوریٹیڈ، دونوں نے ہی گزشتہ ہفتے آمدن میں خسارے کی اطلاعات دی تھیں۔ گوگل کے مالک الفابیٹ نے تاہم منگل کے روز سہ ماہی آمدن میں اضافے کی بات کہی ہے، جوکہ اس سرچ انجن کی مقبولیت کی مرہون منت ہے۔


ٹک ٹاک ترقی پر

ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم جو اس وقت سب سے زیادہ ٹرینڈ میں ہے، وہ ہے چینی ملکیت والا ویڈیو ایپ ٹک ٹاک۔ حالیہ برسوں کے دوران اس کے یوزرس اور آمدن دونوں میں ہی اضافہ ہوا ہے۔

انسٹا گرام نے سن 2020 میں مختصر ویڈیو کے محاذ پر مسابقت کے لیے ریلز فیچر شروع کیا تھا۔ تاہم کائلی جینر اور کم کارڈشاں جیسے بعض بڑے ناموں سمیت مختلف یوزرس کی جانب سے اس کی نکتہ چینی کے نتیجے میں انسٹاگرام کی یہ کوشش الٹی پڑ گئی۔


بوکیہ کیپیٹل پارٹنرز کی بانی کم فوریسٹ نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا، "میٹا کے ساتھ ایک مسئلہ یہ ہے کہ وہ ٹک ٹاک کی مسابقت کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اگر کارڈشاں جیسی شخصیات یہ کہتی ہیں کہ انہیں انسٹا گرام پسند نہیں ہے تو میٹا کو اس پر حقیقتاً توجہ دینی چاہئے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔