یورپی یونین کی مالٹا کے خلاف عدالتی کارروائی کی دھمکی

یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن نے رکن ملک مالٹا کو اس کے متنازعہ ’گولڈن پاسپورٹ‘ پروگرام کے باعث باقاعدہ تنبیہ کر دی ہے۔ کمیشن کے مطابق وہ یونین مالٹا کے خلاف عدالتی کارروائی کرے گی۔

’گولڈن پاسپورٹس‘: یورپی یونین کی عدالتی کارروائی کی دھمکی
’گولڈن پاسپورٹس‘: یورپی یونین کی عدالتی کارروائی کی دھمکی
user

Dw

برسلز میں یوری یونین کے صدر دفاتر سے بدھ چھ اپریل کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق یورپی کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ''ایک رکن ملک کے طور پر مالٹا کی غیر ملکیوں کو اپنی شہریت دینے کی یہ اسکیم یونین کی شہریت کی اس حیثیت کے منافی ہے، جس کا تعین یورپی یونین کے معاہدوں میں کیا گیا ہے۔‘‘

دو ماہ کی مہلت

یورپی یونین کی رکن جزیرہ ریاست مالٹا نے اپنے ہاں بہت امیر غیر ملکیوں کے لیے مقامی شہریت کی ایک ایسی اسکیم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت ایسے غیر ملکی ترجیحی بنیادوں پر مالٹا کی اور یوں یورپی یونین کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس طرح حاصل کیے گئے یونین کے رکن کسی بھی ملک کے پاسپورٹوں کو 'گولڈن پاسپورٹس‘ کہا جاتا ہے اور برسلز میں یورپی کمیشن کی قیادت کو انہی پر اعتراض ہے۔


برسلز نے اب والیٹا کو دو ماہ کی مدت دی ہے، جس کے اندر اندر مالٹا کی حکومت کو اس بارے میں اپنا جواب دینا ہو گا۔ دوسری صورت میں یورپی کمیشن یہ معاملہ یورپی عدالت انصاف میں لے جائے گا۔

ایسی اسکیمیں کئی ممالک نے شروع کیں

یورپی یونین کے 'گولڈن پاسپورٹس‘ کے حصول کو ممکن بنانے والی ایسی اسکیمیں مالٹا کے علاوہ جزیرہ ریاست قبرص اور مشرقی یورپی ملک بلغاریہ نے بھی شروع کی تھیں۔ ایسے متنازعہ سٹیزن شپ پروگراموں کے ذریعے بہت سے انتہائی امیر روسی اور چینی باشندے میزبان ملکوں میں خاص طرح کی سرمایہ کاری کر کے یا املاک خرید کر ان ممالک اور یوں یورپی یونین کے شہری بن گئے تھے۔


قبرص نے برسلز کی طرف سے شدید اعتراض کے بعد اپنی ایسی اسکیم گزشتہ برس اکتوبر میں روک دی تھی۔ بلغاریہ کی پارلیمان نے بھی چوبیس مارچ کو ایک ایسا نیا قانون منظور کر لیا تھا، جس کے تحت 'گولڈن پاسپورٹس‘ اسکیم کو ختم کر دیا جائے گا۔

مالٹا نے روس اور یوکرین کی جنگ کے پیش نظر روس اور روسی حکمرانوں کے قریبی ارب پتی افراد کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کے باعث اپنی 'گولڈن پاسپورٹ‘ اسکیم سے گزشتہ ماہ روس اور بیلاروس کے شہریوں کو نکال دیا تھا۔


سرمایہ کاروں کے لیے یورپی شہریت

یورپی کمیشن کا بنیادی کام یہ ہے کہ وہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اس تناظر میں ابھی گزشتہ ہفتے ہی کمیشن نے یہ باقاعدہ سفارش بھی کر دی تھی کہ جن رکن ریاستوں میں ابھی تک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مقامی شہری حقوق کے حصول کی اسکیمیں جاری ہیں، وہ ایسے پروگرام فوری طور پر ختم کر دیں۔

یورپی کمیشن نے مالٹا کو اب جو تنبیہ کی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ والیٹا میں ملکی حکومت نے روس اور بیلاروس کے شہریوں کے لیے تو اس اسکیم کو معطل کر دیا ہے، مگر دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے یہ اسکیم ابھی تک جاری ہے اور مالٹا کی حکومت نے اب تک اسے ختم کرنے کا کوئی ارادہ بھی ظاہر نہیں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔