الیکٹرک کاروں کی وجہ سے انقلاب، ہزاروں کارکنوں کا روزگار خطرے میں

یورپ میں کار سازی کی صنعت ہائیڈرو کاربن موٹر گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر توجہ مرکوز کرتی جا رہی ہے، مگر اس انقلابی تبدیلی کی وجہ سے لاکھوں نوکریاں بھی خطرے میں ہیں۔

الیکٹرک کاروں کی وجہ سے  انقلاب، ہزاروں کارکنوں کا روزگار خطرے میں
الیکٹرک کاروں کی وجہ سے انقلاب، ہزاروں کارکنوں کا روزگار خطرے میں
user

Dw

آندریا کنیبل جرمن قصبے بیُؤل میں بوش کمپنی میں گزشتہ دو دہائیوں سے کام کر رہی ہیں، مگر ان کا شمار اس ادارے کے ان سات سو کارکنوں میں ہوتا ہے، جن کی ملازمت خطرے میں ہے۔ بوش کمپنی کے مطابق وہ عام ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں کی تیاری کا کام کرنے والے سات سو ہنرمندوں کو 2025 تک فارغ کر دے گی۔ یورپی یونین میں 2035 میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی لگا دی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تب صرف اور صرف الیکٹرک گاڑیاں ہی فروخت ہوں گی۔ یورپی یونین کے مطابق اس فعال پابندی کی وجہ یہ ہے کہ اس بلاک میں چلنے والی گاڑیاں براعظم یورپ سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں سے 15 فیصد کی ذمے دار ہیں۔

اس صنعت سے تعلق رکھنے والے چند نہایت اعلیٰ ہنرمندوں کی نوکریاں تو قائم رہیں گی، مگر یہ افراد الیکٹرک کاروں کے شعبے میں کام کریں گے۔ تاہم بہت بڑی تعداد میں کارساز ہنر مندوں کی نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں۔ یورپی آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق یورپ میں 14.6 ملین کارکن اس شعبے سے وابستہ ہیں، جو یورپ کی مجموعی افرادی قوت کا تقریباﹰ سات فیصد بنتا ہے۔


آندریا کنیبل ٹریڈ یونین کی رکن ہیں اور بیُؤل قصبے میں ورک کونسل کی نمائندہ بھی ہیں۔ وہ اس وقت انتظامیہ کے ساتھ گفت و شنید میں مصروف ہیں، کیوں کہ زیادہ تر کارکن تو بے روزگاری کے خوف کی وجہ سے بات بھی نہیں کرتے۔ اس وقت خود آندریا کنیبل کی اپنی نوکری بھی محفوظ نہیں۔ پچپن سالہ کنیبل کے مطابق، ''مجھے شدید تشویش ہے۔ میں چار برس میں ساٹھ سال کی ہو جاؤں گی، تب شاید میری بیٹی یونیورسٹی جا رہی ہو۔‘‘

کنیبل کہتی ہیں کہ اب تک بوش کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے روزگار کے چند مواقع کی پیش کش کی گئی ہے، تاہم ان کی یونین کا خیال ہے کہ اس کمپنی کے دو کارخانوں میں کام کرنے والے 37 سو افراد میں سے نصف بالآخر اپنی نوکری کھو دیں گے۔ بوش کے ان پیداواری اداروں کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ عمل 'سماجی طور پر قابل قبول‘ انداز میں مکمل کیا جائے گا۔


یہ بات اہم ہے کہ ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کے لیے الیکٹرک گاڑیاں کی تیاری کی نسبت بہت زیادہ افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے متبادل ملازمتیں یا نئے تربیتی مواقع فراہم کیے بغیر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کی جانب بڑھتے جانے کی سماجی قیمت بے حد زیادہ ہے۔ ماہرین اقتصادیات زور دیتے آئے ہیں کہ 'گرین پروڈکٹس‘ کی جانب بڑھنے سے کاروباری کمپنیوں کو زیادہ فائدہ ہو گا جبکہ روزگار اور ترقی دونوں شعبوں میں مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

تاہم مزدوروں کے حقوق کی تنظیموں کے مطابق معمر یا غیر ہنرمند ملازمین، جنہیں کسی دوسری جگہ کھپایا نہیں جا سکتا، وہ ریاستی سماجی امداد کے محتاج ہو کر رہ جائیں گے۔ کنیبل جو اس وقت ایک کنسلٹنٹ کی نوکری کے لیے درخواستیں دے رہی ہیں، کہتی ہیں کہ انہیں ان کی 'عمر کی وجہ‘ سے نئی ملازمت ملنا مشکل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */