اپنی غلطی کورونا وائرس کے سر: ’اب آٹا لینے بھی کوئی اور ہی جائے گا‘

جرمنی میں پولیس نے ایک شہر کے اندر مقررہ حد سے دگنی رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے ایک ڈرائیور کو پکڑا تو اس نے اپنے جرم کی ذمے داری کورونا بحران کی سر ڈالتے ہوئے کورونا کو ہی اپنے جرم کی وجہ قرار دیا۔

اپنی غلطی کورونا وائرس کے سر: ’اب آٹا لینے بھی کوئی اور ہی جائے گا‘
اپنی غلطی کورونا وائرس کے سر: ’اب آٹا لینے بھی کوئی اور ہی جائے گا‘
user

ڈی. ڈبلیو

جرمنی کے مغربی شہر لیُوڈن شائڈ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق منگل اکتیس مارچ کے روز ایک مقامی پیزا ریستوراں کا نانبائی ڈرائیونگ کرتے ہوئے شہر کے ایک ایسے علاقے سے گزر رہا تھا، جہاں حد رفتار پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ لیکن اس ڈرائیور کی گاڑی کی رفتار پچانوے کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جسے پولیس کی قریب ہی موجود اور اسپیڈ ریڈار سے لیس ایک گاڑی نے ریکارڈ بھی کر لیا تھا۔

اتنی زیادہ تیز رفتاری پر پولیس نے فوراﹰ ہی پیچھا کر کے اس ڈرائیور کو روک لیا۔ جب اس سے مقررہ سے تقریباﹰ دو گنا رفتار سے ڈرائیونگ کرنے کی وجہ پوچھی گئی، تو اس نے بتایا، ''قصور میرا نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کا ہے۔‘‘


پولیس اہلکار جب اس ڈرائیور کا یہ موقف سمجھنے میں ناکام رہے، تو اس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''میں عام طور پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ نہیں کرتا۔ لیکن میرے ریستوراں میں وہ آٹا ختم ہو گیا ہے، جس سے ہم پیزا بناتے ہیں۔ میں جلدی میں ایک ہول سیل سپر مارکیٹ جا رہا ہوں تاکہ مارکیٹ بند ہونے سے قبل آٹا خرید سکوں۔‘‘

لیُوڈن شائڈ پولیس نے بتایا کہ اس پر موقع پر موجود اہلکاروں نے پہلے اس ڈرائیور کو 200 یورو (219 ڈالر کے برابر) جرمانہ کیا اور ساتھ ہی ایک ماہ کے لیے اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا۔ پولیس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس ملزم کو، جس کا نام اس کے نجی کوائف کی حفاظت کی پیش نظر ظاہر نہیں کیا گیا، جرمانے اور ایک ماہ کے لیے ڈرائیونگ کی ممانعت کی قانونی رسید دیتے ہوئے یہ بھی بتا دیا گیا، ''اب ایک ماہ تک آٹا لینے کوئی اور ہی جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔