بھینسا مالک کے ہاتھ سے رسی چھڑا کر اسرائیلی بینک میں گھس گیا

اسرائیل میں تل ابیب سے جنوب مشرق کی طرف واقع ایک قصبے میں ایک بھینسا اپنے مالک کے ہاتھ سے اپنی رسی چھڑا کر ایک مقامی بینک میں گھس گیا، تو بینک ملازمین خوفزدہ ہو کر وہاں سے بھاگ اٹھے۔

بھینسا مالک کے ہاتھ سے رسی چھڑا کر اسرائیلی بینک میں گھس گیا
بھینسا مالک کے ہاتھ سے رسی چھڑا کر اسرائیلی بینک میں گھس گیا
user

Dw

تل ابیب سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر بائیس اگست کو قبل از دوپہر پیش آیا۔ تل ابیب کے نواح میں اللد (Lod) نامی قصبے کے ایک صنعتی علاقے کی کار پارکنگ میں ایک بھینسے نے اپنے مالک کے ہاتھ سے اپنی رسی چھڑا کر اس پارکنگ میں بھاگنا شروع کر دیا۔

اس دوران یہ بھاری بھرکم لیکن بپھرا ہوا جانور مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا، بھاگتا بھاگتا ایک مقامی بینک میں بھی داخل ہو گیا۔ اس جانور کو یکدم بینک میں دیکھ کر وہاں موجود ملازمین گھبرا گئے اور اپنی نشستوں سے بھاگ اٹھے۔


بعد میں اسرائیلی اخبار 'ہایوم‘ نے اپنی ویب سائٹ پر اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی جاری کر دی، جس میں اس بھینسے کو بینک کی عمارت کے اندر خوفزدہ حالت میں بھاگتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

اس واقعے کے بعد اس بھینسے کا مالک قریب آدھ گھنٹے بعد بینک میں پہنچا تو فوراﹰ ہی مقامی محکمہ حیوانات کے کارکنوں کو بھی طلب کر لیا گیا۔ انہوں نے اس جانور کو ایک گن کی مدد سے بے ہوش کرنے والا ٹیکہ لگایا اور نیم بے ہوش ہو جانے کے بعد اسے بینک سے باہر نکالا۔


بعد ازاں بینک لیومی نامی مالیاتی ادارے کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی نقصان تو نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا، ''لیکن بینک کے اندر اس خوف زدہ بھینسے کو اندھا دھند بھاگتے دیکھنا واقعی ڈرا دینے والا منظر تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔