سب سے بڑا حلوہ کدو: مقابلہ 702 کلوگرام وزنی کدو نے جیت لیا

جرمنی میں ایک مالی نے سب سے بڑا حلوہ کدو اگانے کا مقابلہ جیت کر اپنا ہی گزشتہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے اگائے ہوئے حلوہ کدو کو جب تولا گیا، تو اس کا وزن سات سو دو کلوگرام سے بھی زیادہ نکلا۔

سب سے بڑا حلوہ کدو: مقابلہ 702 کلوگرام وزنی کدو نے جیت لیا
سب سے بڑا حلوہ کدو: مقابلہ 702 کلوگرام وزنی کدو نے جیت لیا
user

ڈی. ڈبلیو

'عظیم الجثہ‘ حلوہ کدو اگانے کا یہ مقابلہ دراصل شمالی جرمن صوبے لوئر سیکسنی کی 'جائنٹ پمپکن چیمپئن شپ‘ تھی، جو ہفتہ تین اکتوبر کو جرمنی کے یوم اتحاد کی سالگرہ کے موقع پر 16 ویں مرتبہ منعقد کی گئی تھی۔ یہ صوبائی چیمپئن شپ ایک 26 سالہ پیشہ ور مالی کیون راتاژ نے جیتی۔

راتاژ کے اگائے ہوئے کدو کو جب تولا گیا، تو اس کا وزن 702 کلوگرام سے بھی زیادہ نکلا، جو اس جرمن صوبے میں زیادہ سے زیادہ وزن والا حلوہ کدو اگانے کا نیا ریکارڈ ثابت ہوا۔


اس سے قبل لوئر سیکسنی کی ایسی گزشتہ اسٹیٹ چیمپئن شپ بھی اسی جرمن شہری نے جیتی تھی اور اس مرتبہ وہ اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا تھا۔

پچھلی مرتبہ کیون راتاژ 568 کلوگرام وزنی حلوہ کدو اگا کر اس مقابلے کا فاتح رہا تھا۔ اس مرتبہ لیکن اس نے اپنے ریکارڈ کو 134 کلوگرام سے بھی زیادہ کے فرق کے ساتھ بہتر بنایا اور ساتھ ہی نیا صوبائی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔


یہ مقابلہ جیتنے کے بعد اس جرمن باشندے نے بتایا کہ اس نے یہ 'وسیع و عریض‘ سبزی اپنے نجی باغ میں اگائی۔ وہ اس باغ میں اگائے جانے والے کدوؤں کی بہتر نشو و نما کے لیے مائع کھاد استعمال کرنے کے علاوہ انہیں ہر ہفتے 400 لٹر سے لے کر 500 لٹر تک پانی بھی دیتا تھا۔

لوئر سیکنسی میں اوسنابروک کے نواح میں اِپَین بُرگ (Ippenburg) کے قلعے میں منعقد ہونے والے اس سالانہ مقابلے کو جیتنے کے بعد کیون راتاژ نے بتایا، ''حلوہ کدو ایک ایسی سبزی ہے، جس کی نشو و نما میں موسم، پانی اور کھاد سبھی عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے سورج کی دھوپ بھی بہت اہم ہوتی ہے۔ اپنی نشو ونما کے دوران جتنا زیادہ کوئی حلوہ کدو دھوپ میں رہے گا، اتنا ہی وہ بڑا اور وزنی ہوتا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔