بیجنگ ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد ہلاک، عوام ناراض

بیجنگ میں گوکہ ایک نجی ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 21 افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے لیکن اس سانحے کی اطلاع دینے میں تاخیر سے لوگوں میں ناراضگی ہے۔

بیجنگ ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد ہلاک، عوام ناراض
بیجنگ ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد ہلاک، عوام ناراض
user

Dw

چین میں حالیہ برسوں میں دارالحکومت میں بھیانک ترین آتش زدگی کے واقعات میں سے ایک میں 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انتظامیہ نے بیجنگ کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر شائع ان پوسٹس کو حذف کردیا گیا ہے جن میں اس واقعے کی اطلاع دینے میں تاخیر کیے جانے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

آتش زدگی کا یہ واقعہ چانگ فینگ ہسپتال میں منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ ویڈیوز میں آگ کے شعلوں اور دھوئیں کے درمیان لوگوں کو چادروں کو جوڑ کر رسی کی شکل دے کر دیوار کے سہارے نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بیجنگ چانگ فینگ ہسپتال دارالحکومت کے مغربی شہری علاقے میں ہے جو مرکزی تیانان مین اسکوائر سے بذریعہ کار تقریباً 25 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔


'بیجنگ ڈیلی' کے مطابق 71 افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ جب کہ شام چھ بجے تک ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر آدھے گھنٹے کے اندر قابو پالیا گیا تھا۔ بیجنگ حکومت اس واقعے کے حوالے سے آج بدھ کو ایک پریس کانفرنس منعقد کرے گی۔

عوام میں ناراضی

حکام نے بدھ کے روز ہسپتال تک رسائی پر پابندی لگادی تھی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوٹی اور جلی ہوئی کھڑکیوں کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ہسپتال کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ سادہ کپڑے میں بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں تعینات کیے گئے ہیں۔


روئٹرز کے مطابق وی چیٹ پر اس حادثے کے متعلق پوسٹس کو یا تو سینسر کردیا گیا یا پھر انہیں حذف کردیا گیا۔ تاہم وی چیٹ پر اب بھی موجود ایک پوسٹ میں ہسپتال پر نکتہ چینی کی گئی ہے جس نے فروری میں آگ سے بچاو کی اپنی تیاریوں کے متعلق بلند بانگ دعوے کیے تھے۔

ایک دیگر پوسٹ میں جسے بعد میں حذف کردیا گیا، کہا گیا، "یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ بیجنگ جیسے انتہائی بھیڑ بھاڑ والے بڑے شہر میں آتشزدگی کے واقعے میں 21افراد کی ہلاکت کے متعلق بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔" مقامی اور ریاستی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے وجہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے زخمیوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں دیں۔


خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ واقعے کی وجہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ہسپتال سے مزید معلومات کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی کیونکہ ہسپتال نے فون کالز کا جواب نہیں دیا جب کہ اس کی ویب سائٹ بھی ڈاون ہے۔ چین میں ناقص حفاظتی میعاراور ان کے نفاذ میں تساہلی کے سبب ہلاکت خیز آتشزدگی کے واقعات عام ہیں۔

نومبر میں شمال مغربی سنکیانگ میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ نومبر میں ہی وسطی چین میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 38 افراد کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔