عمر 13 سال، رفتار 200 کلومیٹر، منزل 90 کلومیٹر دور برگر شاپ

ایسٹونیا میں پولیس نے ایک ہائی وے پر پیچھا کر کے انتہائی تیز رفتاری سے لیکن بلا لائسنس گاڑی چلانے والے ایک تیرہ سالہ نوجوان اور اس کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔

عمر 13 سال، رفتار 200 کلومیٹر، منزل 90 کلومیٹر دور برگر شاپ
عمر 13 سال، رفتار 200 کلومیٹر، منزل 90 کلومیٹر دور برگر شاپ
user

ڈی. ڈبلیو

بالٹک کی جمہوریہ ایسٹونیا کے دارالحکومت ٹالین سے ہفتہ تین اکتوبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پولیس کو تین نوجوانوں کے اس گروپ کے جرم کا احساس اس وقت ہوا، جب انہوں نے ہائی وے کیمروں کے ذریعے ایک ایسے گاڑی دیکھی، جو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ رفتار سے سفر میں تھی۔

پولیس نے فوری طور پر اس گاڑی کا پیچھا کرنا شروع کیا اور وائرس لیس پر رابطے کے بعد احتیاطاﹰ اس ہائی وے پر کافی آگے رکاوٹیں کھڑی کروا کر یہ سڑک بند بھی کروا دی۔ پولیس نے پیچھا شروع کیا، تو ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار مزید بڑھا دی۔ اس دوران یہ گاڑی سڑک پر کھڑی کردہ ایک رکاوٹ سے ٹکرائی اور پھر دوسری سے ٹکرا کر رک گئی۔


پولیس اہلکار اس وقت بہت حیران ہوئے، جب انہوں نے دیکھا کہ گاڑی ایک تیرہ سالہ نوجوان چلا رہا تھا، جس کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔ اس سے بھی حیران کن بات یہ کہ اس گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ اس کے دو دوست بھی سوار تھے، ایک 12 سالہ لڑکی اور ایک 16 سالہ لڑکا۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب پولیس نے جب ان نوجوانوں کو روکنے کے بعد موقع پر ان سے ابتدائی تفتیش کی، تو پتا چلا کہ 13 سالہ لڑکا اپنے گھر سے ماں باپ کی اجازت کے بغیر ہی چپکے سے گاڑی لے کر نکلا تھا۔


یہ تینون دوست پائیڈے نامی شہر سے تقریباﹰ 90 کلومیٹر دور ساحلی تعطیلاتی شہر پَیرنُو جا رہے تھے تاکہ وہاں جا کر برگر کھا سکیں۔ برگر کھانے کے بعد وہ اسی رات ڈرائیور کے ماں باپ کے جاگنے سے پہلے واپس گھر لوٹنا چاہتے تھا۔

یہ نوجوان اپنی خواہش کے مطابق دوسرے شہر جا کر برگر تو نہ کھا سکے، تاہم پولیس نے انہیں حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ساتھ ہی ان کے والدین کو بھی اطلاع کر دی گئی۔


اب انہیں قانون کے مطابق سزا سنائی جائے گی، جو اس لیے مقابلتاﹰ کم ہو گی کہ یہ تینوں نوجوان قانونی طور پر نابالغ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔