جب مہاتما گاندھی نے اپنے ’آٹوگراف‘ کی قیمت 5 روپے طے کی...

مہاتما گاندھی کو ’مہاتما‘ بہانے والے بہار کا چمپارن ہی صرف باپو کا جائے کار نہیں تھا بلکہ گاندھی بہار کے بھاگلپور بھی آئے تھے اور لوگوں کو جنگ آزادی کے لئے یکجا کیا تھا۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ: مہاتما گاندھی یہاں سال 1934 میں آئے اور زلزلہ کے متاثرین کی نہ صرف مدد کی بلکہ ان کے لئے چندا بھی جمع کیا۔ بطور چندا انہوں نے اپنے آٹوگراف (دستخط) لینے والوں سے پانچ پانچ روپے وصول کئے تھے اور پھر جو رقم جمع ہوئی اسے متاثرین کے مدد کے لیے سونپ دیا تھا۔

باپو اپریل، مئی 1934 میں یہاں آئے تھے۔ بہار میں آنے والے زلزلہ اور کانگریس کی جانب سے چلائے جا رہے راحتی کاموں کا معائنہ کرنے کے لئے وہ سہرسہ سے بیھ پور ہوتے ہوئے بھاگلپور پہنچے تھے۔ بھاگلپور آنے کے بعد گاندھی جی دیپ نارائن سنگھ کے گھر پر ٹھہرے اور لاجپت پارک میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کی امداد کرنے اور راحت کے کاموں میں تعاون کرنے کی اپیل کی تھی۔


جلسہ کے دوران رضاکاروں نے جھولی پھیلا کر لوگوں سے چندا جمع کیا تھا۔ گاندھی نظریہ کے مفکر کمار کرشنن بتاتے ہیں کہ اس جلسہ میں بہت سے لوگ گاندھی جی کا آٹوگراف لینا چاہتے تھے۔ گاندھی جی نے پانچ پانچ روپے میں آٹوگراف دیا اور اس سے جمع ہوئی رقم متاثرین کی مدد کے لئے سونپ دی تھی۔

بھاگلپور کے ضلع اور سیشن جج آر ایس رائے نے اپنی سرکاری رہائش گاہ کو دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ جو سرکاری رہائش ہے، وہ مشہور مجاہد آزادی اور برطانیہ سے بیریسٹری کی ڈگری حاصل کرنے والے دیپ نارائن سنگھ کی ذاتی ملکیت رہی ہے، جو ان کے خواہش کے مطابق ضلع جج کی رہائش بنی۔

انہوں نے بتایا ، ’’مخصوص فن تعمیر اور بناوٹ کی وجہ سے یہ عمارت بہار میں منفرد ہے اور یہاں مہاتما گاندھی بھی قیام کر چکے ہیں۔ اس عمارت کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کی وجہ سے اسے محفوظ اثاثوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے حکومت سے خط و کتابت بھی کی تھی۔‘‘

گاندھی بھاگلپور میں سب سے پہلے ایک طلبہ کانفرنس سے خطاب کرنے کے لئے پہنچے تھے۔ 15 اکتوبر 1917 کو بھاگلپور کے کٹہل باڑی میں بہاری طلبا کی ایک کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ ڈاکٹر راجیندر پرساد کی ہدایت پر بہاری طلبا کی تنظیم کا کام لالو چک کے رہنے والے کرشن مشر کو سونپا گیا تھا۔ بہار طلبا کی کانفرنس کی صدارت مہاتما گاندھی نے کی تھی۔


اس کے بعد گاندھی جی یہاں 12 دسمبر 1920 کو آئے تھے۔ یہاں انہوں نے ٹلہا کوٹھی میں ایک جلسہ سے خطاب کیا تھا۔ بھاگلپور میں مہاتما گاندھی کے جلسہ کے انعقاد کے لئے ایک انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کے رکن دیپ نارائن سنگھ، شبھ کرن چوڑی والا، پنڈت موالال جھا، گجادھر پرساد، شری ہر نارائن جین اور بودھ نارائن مشر تھے۔

اس کے بعد گاندھی 2 اکتوبر 1925 کو بھاگلپور میں تھے اور شیو بھون میں کملیشوری سہائے کے مہمان بنے تھے۔ اس دن انہوں نے اپنی یوم پیدائش بھی یہیں منائی تھی۔ بھاگلپور میں آج بھی زیر بحث شیو بھون میں اس وقت گاندھی نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے پردے سے اجتناب، چرخا چلانے، خادی پہننے، بیٹیوں کو تعلیم یافہ بنانے اور بیرونی کپڑوں کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔

(آئی اے این ایس)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Oct 2019, 11:10 AM