کشمیر میں افطار پارٹیوں کا بڑھتا ر جحان  

رمضان کے موقع پر اجتماعی دسترخوان کا اہتمام صرف روزہ داروں کے لیے نہیں بلکہ ہر بندگان خدا کیلئے ہوتا ہے۔ ہر مذہب کا فرد اس میں شریک ہو کر روزہ داروں کے ساتھ خود بھی افطار کے لوازمات سے سیر ہوتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

خالد منتظر

ایک زمانہ تھا جب کشمیر کے لوگ رمضان المبارک میں پر سکون لمحات میں صرف ایک گلاس پانی یا کھجور سے افطار کیا کرتے تھے اور یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ وہ افطار نہایت ہی لذیز ہوتا تھا. شاید بارگاہ خداوندی میں مقبول بھی رہتا ہوگا۔ لیکن حالات کی مار جھیلنے والی وادی میں وقت کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں افطاری کے اہتمام میں کافی تبدیلی آئی ہے۔

رنگا رنگ اور لذیز پکوانوں سے سجا دسترخوان ہر جگہ دیکھنے کو ملتا ہے مساجد میں افطار کا منظر دلفریب رہتا ہے لیکن کشمیر میں جتنی بھی سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیمیں ہیں وہ بھی عوام کو لبھانے اور اپنی جانب توجہ دلانے کے لئے افطار پارٹیوں کا اہتمام کرتی ہیں۔ سماج کے ہر طبقہ کو خوش رکھنا ایک مشکل امر ہے پھر بھی اس طرح کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ تمام افطار پارٹی سیاسی نوعیت کی ہوتی ہیں تو اس کے انتظامات بھی سیاسی طرز کے ہی کئے جاتے ہیں۔ مگر جو افطار پارٹیاں خالص روزہ داروں کے لئے پاکیزگی سے دی جاتی ہیں ان محفلوں کی رونق الگ ہی دکھائی دیتیں ہیں۔ لب ِسڑک سیاسی افطار پارٹیوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے، رمضان المبارک کے موقع پر ایسی پارٹیاں صرف ایک ماہ کی مصروفیت سمجھنے والے اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔ اافطار کے وسیع و عریض دستر خوان، رب ذوالجلال کی عطاء کردہ انواع و اقسام کی نعمتوں سے سجے ہوتے ہیں۔ رمضان کے موقع پر اجتماعی دستر خوان کا اہتمام بندگان خدا کیلئے بھی ہوتا ہے، جن میں ہر مذہب کا فرد حصہ لے کر روزہ داروں کے ساتھ خود بھی افطار کے لوازمات سے سیر ہوتا ہے۔

افطار پارٹیوں کو ایک جذبہ خیرسگالی کا اظہار بھی کہا جاتا ہے پہلے پہل کشمیر میں صرف چھوٹی سورتیں پڑھ کر تراویح کا خاص اہتمام ہوتا تھا لیکن اب مکمل تراویح ادا کی جاتی ہے، حکومت کی دعوت وافطار ہو یا کسی سیاست داں کی افطار پارٹی یہ روایتی و باہمی اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ اس میں جب غیر متوقع طور کچھ لوگ دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہیں تو یہ مشکوک ہوجاتی ہے۔ سیاسی پارٹیوں کی دعوت افطار کی لت کسی کو لگ جاتی ہے تو وہ کسی کی پرواہ نہیں کرتے۔ بہر حال سیاست اقتدار کا کھیل ہوتا ہے اور اقتدار میں رہ کر عوام کو خوش کرنے کے لئے اور ان کے دل پر قابو پانے کے لئے افطار پارٹیو ں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور کھانے پینے والے افراد کی تعداد بھی اچھی خاصی رہتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔