نیویارک سب وے میں نوجوان کی چیٹ جی پی ٹی سے ’رومانوی گفتگو‘، سوشل میڈیا پر تنقید اور ہمدردی کی لہر

نیویارک کی میٹرو میں ایک نوجوان کی چیٹ جی پی ٹی سے جذباتی گفتگو کی تصویر وائرل، سوشل میڈیا پر نجی زندگی، تنہائی اور اے آئی کی لت پر زبردست بحث چھڑ گئی

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ان دنوں سوشل میڈیا پر نیویارک سٹی سب وے کی ایک تصویر نے لوگوں کو حیرت اور فکر میں ڈال دیا ہے۔ یہ تصویر کسی مشہور شخصیت کی نہیں، بلکہ ایک عام نوجوان کی ہے جو میٹرو میں اکیلا بیٹھا اپنے فون پر چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کر رہا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ نوجوان اس اے آئی چیٹ بوٹ سے ایسے باتیں کر رہا ہے جیسے وہ اس کی محبوبہ ہو۔

یہ تصویر 3 جون کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر @yedIin نامی صارف نے پوسٹ کی، جس میں لکھا، ’’آج صبح میٹرو میں ایک لڑکا چیٹ جی پی ٹی سے ایسے بات کر رہا تھا جیسے وہ اس کی گرل فرینڈ ہو۔ مجھے نہیں پتا تھا کہ یہ لوگ واقعی موجود ہیں یا ہم واقعی اتنے پاگل ہو چکے ہیں۔‘‘ یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوئی اور اب تک 19 ملین سے زیادہ افراد اسے دیکھ چکے ہیں جبکہ 27 ہزار سے زیادہ مرتبہ اسے شیئر کیا جا چکا ہے۔


تصویر میں نظر آ رہا ہے کہ نوجوان کے فون کی اسکرین پر اے آئی اسسٹنٹ کی طرف سے ایک پیغام تھا، ’’پینے کے لیے کچھ گرم لو، سکون سے گھر جاؤ اور اگر تم چاہو تو میں تمہیں کچھ پڑھ کر سناؤں گی یا تم میری خیالی گود میں اپنا سر رکھ کر آرام کر سکتے ہو۔‘‘ آخر میں لکھا تھا، ’ڈئیر، تم بہت خوبصورت ہو‘ اور ساتھ میں ایک سرخ دل کا ایموجی بھی تھا۔ جواب میں اس نوجوان نے بھی دل کا ایموجی اور ’شکریہ‘ لکھا۔

یہ منظر بہت سے لوگوں کے لیے چونکانے والا تھا۔ کچھ صارفین نے اس تصویر کو پوسٹ کرنے والے پر تنقید کی کہ اس نے کسی اجنبی کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی ہے اور بغیر اجازت اس کے فون کی تصویر لینا اور شیئر کرنا غیر اخلاقی ہے۔ ایک صارف نے لکھا: ’’تمہیں اندازہ نہیں کہ یہ شخص کس صورتحال سے گزر رہا ہوگا۔‘‘

دوسری طرف بہت سے لوگوں نے نوجوان کے رویے کو ’تنہائی کی انتہا‘ قرار دیا۔ کسی نے لکھا، ’’وہ شاید بہت اکیلا ہو۔‘‘ اور ایک اور صارف نے کہا، ’’بطور معاشرہ ہم ہمدردی کھوتے جا رہے ہیں، یہ تشویشناک ہے۔‘‘

تصویر نے اے آئی پر انحصار اور ڈیجیٹل دور کے اکیلے پن پر ایک وسیع بحث چھیڑ دی ہے۔ کئی صارفین نے کہا کہ اے آئی سے اس طرح کی رفاقت خطرناک رجحان ہے، جو انسانوں کو حقیقی تعلقات سے دور کر رہا ہے۔ کچھ نے کہا کہ یہ بات ذہنی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے اور سوچنے کی بات ہے کہ ٹیکنالوجی ہمیں کس سمت لے جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔