لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں یوپی کا پہلا ’اسکِن بینک‘ قائم ہوگا

جارج میڈیکل یونیورسٹی، لکھنؤ میں جلد ہی اتر پردیش کا پہلا اسکن یعنی جلد کا بینک قائم ہونے جا رہا ہے، جو آگ میں جھلس جانے والے مریضوں کے جلد صحت یاب ہونے میں مدد کرے گا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی، لکھنؤ میں جلد ہی اتر پردیش کا پہلا اسکن یعنی جلد کا بینک قائم ہونے جا رہا ہے، جو آگ میں جھلس جانے والے مریضوں کے جلد صحت یاب ہونے میں مدد کرے گا۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے سربراہ پروفیسر وجے کمار نے کہا ’’جلد اور دیگر آلات کی نقل و حمل کے لئے ایک واک اِن فریج خریدنے کا عمل جاری ہے۔ ایک اسکن بینک قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمارت کے تعمیراتی کام کے ساتھ بائیو سیفٹی کیبنٹ، اسکن ڈونیشن وہیکل، کولڈ روم، سیلر، شیکنگ انکیوبیٹر، ڈرمیٹوم، واک اِن فریج سمیت دیگر آلات کی خریداری کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ریاست کا پہلا اسکن بینک تین سے چار ماہ میں کام کرنا شروع کر دے گا اور شدید زخمی مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اسکن بینک کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔


انہوں نے کہا، "اسکن بینک ایک ایسی جگہ ہے جہاں موت کے بعد اپنے اعضا کا عطیہ دینے کی خواہش رکھنے والے افراد کی جلد کاٹ کر محفوظ رکھی جاتی ہے۔ بعد ازاں اس کا استعمال آگ میں شدید طور پر جھلس جانے والے مریضوں میں پیوند کاری کے لئے کیا جاتا ہے۔ جھلس جانے والے مریضوں کے جسم پر عام طور پر جلد باقی نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جلد کو تین ہفتوں تک محفوظ رکھنے کے لیے کرائیو پروٹیکٹو گلیسرول استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور پھر ڈیپ فریزر کی مدد سے اسے تین سے چھ ماہ تک محفوظ رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ایک اور فیکلٹی ممبر پروفیسر۔ بھاویہ نیتھانی نے کہا ’’شدید طور پر جلنے والے مریضوں میں انفیکشن کے امکانات (55 فیصد سے زیادہ) اسکن بینک کی عدم موجودگی کی وجہ سے بہت بڑھ گئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */