اسپیس ایکس نے رقم کی تاریخ، عام شہریوں کو خلا کی سیر کرانے کے بعد ’ڈریگن کیپسول‘ کی واپسی

اسپیس ایکس کیپسول پر سوار چار نجی خلائی سیاح ہفتے کی رات زمین پر واپس لوٹ آئے، ان کے جہاز نے تین دن تک زمین کے چکر لگانے کے بعد فلوریڈا کے ساحل کے نزدیک بحر اوقیانوس میں لینڈنگ کی

اسپیس ایکس کے خلائی جہاز پر روانہ ہونے والے عام شہری / Getty Images
اسپیس ایکس کے خلائی جہاز پر روانہ ہونے والے عام شہری / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: خلائی شعبہ میں کام کرنے والیاسپیس ایکس کا خلائی جہاز تین دنوں تک زمین کی مدار میں چکر لگانے کے بعد واپس لوٹ آیا ہے۔ اسپیس ایکس کے خلائی جہاز نے ہفتہ کی شب فلورڈا کے نزدیک بحراقیانوس میں لینڈنگ کی۔

اسپیس ایکس کے ڈریگن اسپیس کرافٹ کے انسپیریشن -4 میں چار خلائی مسافر سوار تھے جو اب محفوظ طریقہ سے زمین پر لوٹ آئے ہیں۔ اسپیس ایکس نے پہلی مرتبہ ایک خلائی جہاز میں تمام عام شہریوں کو خلاف میں بھیج کر اور انہیں بحفاظت زمین پر واپس لا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

اسپیس ایکس کا کرو ڈریگن کیپسول، جسے ریزلینس بھی کہا جاتا ہے، مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے پیراشوٹ کے ذریعے سمندر میں اترا۔ اسپیس ایکس نے اپنے یوٹیوب چینل پر اس واقعہ کو براہ راست نشر کیا۔

اس مشن کو 15 ستمبر کو فلورڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں ناسا کے پیڈ 39 اے سے لانچ کیا گیا تھا۔ مشن کی قیادت 37 سال کے جیرڈ آئیزک مین نے کی۔ آئیزک مین انٹی گریٹڈ پیمنٹ پروسسنگ کمپنی شفٹ فار پیمنٹ کے سی ای او ہونے کے ساتھ ہی ایک تربیت یافتہ پائلٹ بھی ہیں۔ انہوں نے سینٹ جوڈ چلڈرن ریسرچ ہاسپیٹل کے لئے فنڈ جمع کرنے کے مقصد سے اس خلائی پرواز کو خریدا تھا۔آئیزک مین کے علاوہ دیگر تین عام شہری اس مشن میں شامل تھے۔

اسپیس ایکس کا ڈریگن کیپسول جمعرات کے روز امریکہ کے فلورڈا میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے چار عام شہریوں کو لے کر روانہ ہوا تھا۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب صرف چار عام شہریوں پر مشتمل مشن کو جہاز کے ذریعے زمین کی مدار میں بھیجا گیا۔ان چار افراد کو صرف پانچ مہینے تربیت فراہم کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔