اسمارٹ رِسٹ بینڈ، جو باس کو آپ کے مُوڈ کی خبر دے سکے گا

بینڈ میں دو بٹن موجود ہیں جن میں پیلا رنگ خوشی اور مسرت کے احساس کا اظہار ہے جب کہ نیلا رنگ رنجیدگی اور اداسی کے احساس کو ظاہر کرتا ہے۔

علامتی تصویر / بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
علامتی تصویر / بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

برطانیہ کی ایک کمپنی Moodbeam نے کلائی میں پہننے والا ایک ایسا اسمارٹ "رِسٹ بینڈ" تیار کیا ہے جس کی مدد سے ملازمین کے مُوڈ اور ذہنی حالت کے بارے میں جانا جا سکے گا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق کرونا کے بحران اور تمام لوگوں کے گھروں میں رہ کر کام کرنے پر مجبور ہونے کے دوران ملازمین کے رد عمل کے حوالے سے گوں مگوں صورت حال سامنے آئی کہ آیا وہ خوش ہیں یا نہیں۔ اسی واسطے مذکورہ کمپنی نے ایسا رِسٹ بینڈ تیار کیا ہے جس کے ذریعے کمپنیاں اپنے ملازمین کی نفسیاتی کیفیت کو جانچ سکیں گی۔

بینڈ میں دو بٹن موجود ہیں جن میں پیلا رنگ خوشی اور مسرت کے احساس کا اظہار ہے جب کہ نیلا رنگ رنجیدگی اور اداسی کے احساس کو ظاہر کرتا ہے۔

اخبار کے مطابق یہ بینڈ اسمارٹ فونز کی ایپ اور ویب سائٹ کے ساتھ مربوط ہے۔ اس کے ذریعے دفتر میں ڈائریکٹ باس کے لیے ممکن ہو گا کہ وہ اپنے ملازمین کی حالت کو مسلسل نظر میں رکھ سکے۔ اس کا مقصد یہ خواہش ہے کہ ملازمین دن بھر کے دوران اعلی ترین سطح کی کارکردگی پیش کریں۔

اس بینڈ کو دوستوں اور خاندان کے افراد کے درمیان سماجی تعلقات مضبوط بنانے اور مسلسل رابطے میں رہنے کے واسطے استعمال کیا جا سکتا ہے۔


مُوڈ بیم کمپنی کی شریک بانی خاتون کرسٹینا کولمر نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "کمپنیاں اس بات کی کوشش کر رہی ہیں کہ وہ گھروں سے کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ رابطے میں رہیں ... یہاں ان کمپنیوں کے لیے ممکن ہو گا کہ وہ 500 ارکان سے پوچھ سکیں ... کیا آپ خیریت سے ہیں ؟ جب کہ ملازمین کو فون اٹھانے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی"۔

اس بینڈ کی ایپ iOS اور Android دونوں کے لیے دستیاب ہو گی۔ واضح رہے کہ بینڈ کے طور پر استعمال ہونے والی سیلیکون پٹی موٹی ہے اور وہ واٹر پروف بھی ہے۔ اس کا معنی ہوا کہ بینڈ کو کام کرنے ، چہل قدمی کرنے اور نہانے کے دوران بھی پہنا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔