شبھانشو شکلا کی خلا سے کامیاب واپسی، ہندوستان کے لیے فخر کا لمحہ، لکھنؤ میں جشن

شبھانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 18 دن گزارنے کے بعد کامیابی سے واپس لوٹ آئے۔ لکھنؤ میں گھر پر دعاؤں کے بعد جشن کا سماں۔ والدین خوش، بہن اور ماں مبارکبادیں وصول کرنے میں مصروف

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/SpaceX">@SpaceX</a></p></div>

تصویر ’ایکس‘@SpaceX

user

قومی آواز بیورو

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں 18 دن کے سائنسی مشن کے بعد ہندوستانی خلانورد شبھانشو شکلا کی زمین پر محفوظ واپسی ہو گئی ہے۔ ان کی واپسی کی خبر سے ان کے آبائی شہر لکھنؤ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جہاں ان کے والد شمھو دیال شکلا اور خاندان کے دیگر افراد مسلسل پوجا پاٹھ اور دعاؤں میں مصروف تھے۔

شبھانشو کی واپسی منگل کے روز عمل میں آئی۔ واپسی سے قبل ان کے اہل خانہ نے خصوصی پوجا کر کے دعائیں کیں کہ شبھانشو بغیر کسی مشکل کے زمین پر واپس لوٹ آئیں۔

لکھنؤ کے تروینی نگر علاقے میں واقع ان کے آبائی مکان کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ گھر کے باہر ان کے عرفی نام ’شکس‘ کے پوسٹر لگائے گئے ہیں اور ان کے استقبال کے لیے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ان کی ماں آشا شکلا اور بہن سوچی شکلا مسلسل دوستوں، رشتہ داروں اور مبارکباد دینے والوں کی فون کالز سنبھال رہی ہیں۔

پی ٹی آئی ویڈیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شمبھو دیال شُکلا نے کہا، ’’یہ ہمارے خاندان کے لیے خوشی کا بہت بڑا دن ہے۔ ہم شبھانشو کی محفوظ لینڈنگ کے لیے مسلسل دعا کر رہے تھے۔ آج ہم بے حد خوش ہیں کہ وہ اپنا مشن کامیابی سے مکمل کر کے واپس آیا ہے۔‘‘


انہوں نے کہا، ’’یہ نہ صرف ہمارے خاندان بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ اب ہم اپنے رشتہ داروں، احباب اور تمام خیر خواہوں کے ساتھ مل کر اس خوشی کا جشن منائیں گے۔‘‘ شبھانشو کی بیوی کامنا فی الحال فلوریڈا میں مقیم ہیں۔ شمبھو دیال نے بتایا، ’’کامنا اور شبھانشو لکھنؤ میں ہی تعلیم حاصل کر رہے تھے، اور دونوں کی شادی خاندان کی رضا مندی سے ہوئی۔ ان کا ایک چھ سال کا بیٹا بھی ہے جس کا نام کیاش ہے۔‘‘

شبھانشو اس سال اکتوبر میں چالیس سال کے ہو جائیں گے۔ ان کی بہن سوچی نے بتایا کہ وہ اپنے خلائی سفر پر ہندوستانی مٹھائیاں، جیسے ’گاجر کا حلوہ‘ اور ’مونگ دال کا حلوہ‘ ساتھ لے گئے تھے کیونکہ یہ ان کی پسندیدہ تھیں۔

سچی نے کہا، ’’وہ چاہتے تھے کہ ان کے ساتھی خلا نورد بھی ان کا ذائقہ چکھیں۔ جو ویڈیوز اور پوسٹس ہمیں موصول ہوئی ہیں، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ سبھی کو یہ بہت پسند آئیں۔"

شبھانشو اسپیس ایکس کے ڈریگن ’گریس‘ اسپیس کرافٹ سے واپس آئے ہیں، جو پیر کی شام 4:45 بجے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے علیحدہ ہوا تھا۔ ان کے ساتھ مشن کمانڈر پیگی وِٹسن، پولینڈ کے خلا نورد سلاووز اوزنانسکی وسنیوسکی اور ہنگری کے ٹیبور کاپو بھی شامل تھے۔

یہ سبھی ’اکسیوم-4‘ تجارتی مشن کا حصہ تھے۔ شبھانشو شُکلا نے 1984 میں راکیش شرما کے بعد خلا کا سفر کرنے والے دوسرے ہندوستانی کی حیثیت سے تاریخ رقم کی ہے، جو بین الاقوامی خلائی تحقیق میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔