تیز رفتار اور بلا رکاوٹ انٹرنیٹ کے لئے 5G خدمات کا آغاز آج سے ہوگا، وزیر اعظم مودی کریں گے افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں 5جی خدمات کا افتتاح کریں گے، اس ٹیکنالوجی سے انٹرنیٹ اور تیز رفتار ڈیٹا بلا رکاوٹ فراہم ہوگا اور انٹرنیٹ کی رکاوٹیں دور ہوں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں آج سے تیز رفتار انٹرنیٹ کے لئے 5جی خدمات (5G Services) کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں ’انڈین موبائل کانگریس‘ کے دوران 5جی خدمات کا افتتاح کریں گے۔ اس ٹیکنالوجی سے انٹرنیٹ اور تیز رفتار ڈیٹا بلا رکاوٹ فراہم ہوگا اور انٹرنیٹ کی رکاوٹیں دور ہوں گی۔

یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی انڈین موبائل کانگریس 4 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران 5جی کے علاوہ کئی اور اعلانات بھی کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم مودی آج یعنی یکم اکتوبر کو صبح 10 بجے 5 جی خدمات کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی جیو اور ایئرٹیل کی 5جی سروس بھی شروع کی جا سکتی ہے۔


رپورٹ کے مطابق مکیش امبانی، سنیل متل اور کمار منگلم برلا بھی انڈین موبائل کانگریس 2022 میں شرکت کر سکتے ہیں۔ جیو اور ایئرٹیل ہندوستان میں 5G خدمات شروع کرنے والی پہلی کمپنیاں ہوں گی۔ ابتدائی طور پر 5G سروس صرف منتخب شہروں میں دستیاب ہوگی، جس میں اگلے سال تک توسیع کی جائے گی۔

اس سال منعقدہ ریلائنس کے اے جی ایم میں مکیش امبانی نے کہا تھا کہ جیو فائیو جی کو دہلی اور دیگر میٹرو شہروں میں دیوالی تک لانچ کیا جائے گا۔ یہ سروس اگلے سال دسمبر تک ملک بھر میں شروع کر دی جائے گی۔ کمپنی نے پین انڈیا فائی جی نیٹ ورک کے لیے 2 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ وہیں، جیو نے 1000 شہروں میں فائیو جی کے رول آؤٹ کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔


ایئرٹیل کے سی ای او گوپال وٹھل نے صارفین کے نام ایک خط میں لکھا تھا کہ صارفین کو نئی سم خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ انہیں موجودہ سم کارڈ پر ہی فائی جی سروس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں فائیو جی سروس شروع ہو جائے گی۔

فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں چار کمپنیوں نے حصہ لیا۔ اس میں وی آئی، ایئرٹیل، جیو اور اڈانی ڈیٹا نیٹ ورکس نے حصہ لیا۔ جیو نے اس میں سب سے بڑی بولی لگا کر زیادہ سے زیادہ سپیکٹرم خریدا ہے۔ ایئرٹیل اور پھر ووڈافون آئیڈیا نے دوسرے نمبر پر سرمایہ کاری کی ہے۔ اڈانی ڈیٹا نیٹ ورکس فی الحال صرف انٹرپرائز کاروبار میں کام کریں گے۔

قبل ازیں، ٹیلی کام اور آئی ٹی کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ دو سال کے اندر 5جی خدمات پورے ملک میں فراہم کرا دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فائیو جی خدمات کی فراہمی کے لئے تقریباً 3 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */