ناسا اسپیس ایپس چیلنج 2025 میں ہندوستانی ٹیم کا سیٹلائٹ انٹرنیٹ کانسپٹ اول، عالمی سطح پر نمایاں کامیابی
ناسا کے 2025 اسپیس ایپس چیلنج میں چنئی کی ٹیم فوٹونکس اوڈیسی نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے عوامی تصور پر اول مقام حاصل کیا، جس کا مقصد ہندوستان کے محروم علاقوں کو ڈیجیٹل طور پر جوڑنا ہے

واشنگٹن: نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے 2025 انٹرنیشنل اسپیس ایپس چیلنج میں ہندوستان کی ایک ٹیم نے عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اس ٹیم نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سے متعلق ایک ایسا تصور پیش کیا، جس کا مقصد دور دراز اور محروم علاقوں تک تیز رفتار اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔
چنئی سے تعلق رکھنے والی ٹیم فوٹونکس اوڈیسی کو مقابلے میں موسٹ انسپائریشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹیم کا بنیادی تصور یہ تھا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کو محض نجی کمپنیوں کی تجارتی خدمت کے بجائے ایک عوامی سہولت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، تاکہ ڈیجیٹل عدم مساوات کو کم کیا جا سکے۔
ناسا اسپیس ایپس کے مطابق اس منصوبے کا ہدف ہندوستان کے تقریباً سات سو ملین ایسے افراد کو انٹرنیٹ سے جوڑنا ہے، جو اب تک براڈبینڈ جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ ٹیم کے اراکین میں منیش ڈی، ایم کے، پرشانت جی، راجالنگم این، راشی ایم اور شکتی آر شامل ہیں، جنہوں نے جدید فوٹونکس اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کو سماجی ضرورت سے جوڑنے کی ایک جامع حکمتِ عملی پیش کی۔
ناسا نے بتایا کہ 2025 کے اس عالمی ہیکاتھون میں 167 ممالک اور خطوں میں 551 مقامی ایونٹس منعقد ہوئے، جن میں ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد شرکا نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 11500 سے زیادہ پروجیکٹس جمع کرائے گئے، جن میں سے کامیاب ٹیموں کا انتخاب ناسا اور اس کے شراکت دار اداروں کے ماہرین نے کیا۔
ناسا کے ارتھ سائنس ڈویژن کی ڈائریکٹر کیرن سینٹ جرمین نے کہا کہ اسپیس ایپس چیلنج ناسا کے کھلے اور مفت ڈیٹا کو دنیا بھر کے افراد کے لیے قابلِ رسائی بناتا ہے، تاکہ حقیقی مسائل کے لیے سائنسی اور تکنیکی حل سامنے آ سکیں۔
اسی مقابلے میں ’بیسٹ یوز آف ڈیٹا ایوارڈ‘ امریکی ٹیم ‘ریزننٹ ایکسوپلینیٹس‘ کو ملا، جبکہ ہند نژاد طلبہ پر مشتمل ٹیم ’ایسٹرو سویپرز‘ کو ’گیلیکٹک امپیکٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ ناسا اسپیس ایپس چیلنج کا آغاز 2012 میں ہوا تھا اور یہ ہر سال عالمی سطح پر سائنسی اختراع کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔