شبھانشو شکلا نے وزیر اعظم مودی سے کی ملاقات، خلا میں لے جائے گئے ترنگے کو کیا پیش

ہندوستانی خلا باز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی اور وہ ترنگا پیش کیا جو انہوں نے Axiom-4 مشن کے دوران خلا میں اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ مودی نے ان کی کامیابیوں کی تعریف کی

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستانی خلا باز اور فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر شبھانشو نے وزیر اعظم کو وہ ترنگا پرچم پیش کیا جو وہ اپنے تاریخی مشن ایکسیوم-4 کے دوران انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر لے کر گئے تھے۔

وزیر اعظم مودی نے شبھانشو کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلے لگایا۔ ملاقات میں شبھانشو نے اپنی خلا سے جڑی تصاویر اور یادیں وزیر اعظم کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے بین الاقوامی خلابازوں کے ساتھ مل کر مختلف آپریشنز اور سائنسی تجربات میں حصہ لیا۔ ان تجربات میں مائیکرو گریوٹی میں انسانی جسم پر اثرات کا مطالعہ اور خلا میں زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال جیسے اہم پہلو شامل تھے۔ یہ تحقیقات مستقبل میں ہندوستان کے گگن یان پروگرام کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔


وزیر اعظم نے اس علامتی تحفے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ شبھانشو شکلا کی کامیابیاں نہ صرف ملک کے لیے فخر کا باعث ہیں بلکہ نئی نسل کو بھی زمین سے آگے خواب دیکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ مودی نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان خلا کی دوڑ میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور شبھانشو جیسے نوجوان اس خواب کو حقیقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے افسر شبھانشو شکلا جون میں ایکسیوم-4 مشن کے تحت انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر گئے تھے۔ وہ ہندوستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔ یہ مشن تقریباً چھ ہفتے جاری رہا اور شبھانشو 16 جولائی کو بحفاظت زمین پر واپس لوٹے۔ واپسی کے بعد وہ امریکہ میں ری ہیبلیٹیشن کے مرحلے سے گزر رہے تھے۔

17 اگست کی صبح ان کی واپسی پر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مرکزی وزیر جتندر سنگھ، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت بڑی تعداد میں موجود عوام نے ان پر پھول برسائے اور ان کی کامیابی پر نعرے لگائے۔ پارلیمنٹ میں بھی شبھانشو کے اس مشن پر تعریف کی گئی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی جتندر سنگھ نے کہا کہ یہ مشن ہندوستانکی بڑھتی ہوئی خلائی خواہشات کی نمائندگی کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔