جنوبی ایشیا میں موبائل انٹرنیٹ رفتار، سری لنکا اور پاکستان بھارت سے آگے

جنوبی ایشیا میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے مالدیپ اور سری لنکا سرفہرست ہیں جب کہ بھارت اس حوالے سے پاکستان اور نیپال سے بھی پیچھے ہے۔

جنوبی ایشیا میں موبائل انٹرنیٹ رفتار، سری لنکا اور پاکستان بھارت سے آگے
جنوبی ایشیا میں موبائل انٹرنیٹ رفتار، سری لنکا اور پاکستان بھارت سے آگے
user

ڈی. ڈبلیو

موبائل اور فکسڈ انٹرنیٹ کی رفتار کے بارے میں عالمی انڈیکس 'اوکلا‘ کمپنی نے تیار کیا ہے۔ انٹرنیٹ کی اسپیڈ جانچنے کے لیے دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی ویب سائٹ 'اسپیڈ ٹیسٹ‘ بھی اسی کمپنی کی ملکیت ہے۔

موبائل فون پر انٹرنیٹ کی رفتار کے اس عالمی انڈیکس میں 140 جب کہ فکسڈ لائن براڈبینڈ کی رفتار کے حوالے سے 175 ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔


ایسے تازہ انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 29.50 اور اپ لوڈ رفتار 11.34 میگا بِٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔

اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں سب سے تیز رفتار موبائل فون انٹرنیٹ جنوبی کوریا میں ہے، جہاں اس برس کی تیسری سہ ماہی کے دوران اوسط رفتار 95.11 میگا بِٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔


قطر 69.05 کی اسپیڈ کے ساتھ دوسرے جب کہ 68 میگا بِٹس فی سیکنڈ کی رفتار کے ساتھ ناروے تیسرے نمبر پر ہے۔ متحدہ عرب امارات پانچویں اور آسٹریلیا اس درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر رہا۔

موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کے اعتبار سے امریکا اور جرمنی کی کارکردگی بھی بہت بہتر نہیں اور یہ دونوں ترقی یافتہ ممالک بالترتیب اڑتیسویں اور چالیسویں نمبر پر رہے۔


جنوبی ایشیا میں موبائل انٹرنیٹ

جنوبی ایشیائی ممالک میں مالدیپ 24.14 میگابِٹس فی سیکنڈ کی رفتار کے ساتھ پہلے اور عالمی سطح پر 71ویں نمبر پر ہے۔ عالمی انڈیکس میں 81 ویں نمبر پر سری لنکا رہا جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 22.53 میگا بِٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔


سری لنکا کے بعد جنوبی ایشیا میں پاکستان 14.38 میگا بِٹس فی سیکنڈ کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا اور عالمی درجہ بندی میں کُل 140 ممالک میں پاکستان کا نمبر 112واں رہا۔ پاکستانی موبائل نیٹ ورکس کی اوسط اپ لوڈ رفتار 10.32 میگا بِٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔

نیپال جنوبی ایشیا میں چوتھے اور عالمی سطح پر 12.96 میگا بِٹس فی سکینڈ کی رفتار کے ساتھ 119ویں نمبر پر ہے۔


بھارت عالمی درجہ بندی میں 128ویں اور جنوبی ایشیا کے سات ممالک میں پانچویں نمبر پر رہا۔ بھارت میں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 11.18 اور اپ لوڈ رفتار محض 4.38 میگا بِٹس فی سکینڈ رہی۔

بنگلہ دیش 10.31 میگا بِٹس فی سکینڈ کی رفتار کے ساتھ دس بدترین کارکردگی والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا۔ عالمی درجہ بندی میں سب سے آخری نمبر پر افغانستان ہے، جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 6.55 میگا بِٹس فی سکینڈ ریکارڈ کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔