زمین کے ’کور‘ سے نکل رہا ہے سونا اور قیمتی دھاتیں، سائنس دانوں کا حیران کن انکشاف

جرمنی کی گوٹنگین یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ہوائی جزیرہ کے آتش فشاں چٹانوں کی جانچ کی۔ زمین کا 99.9 فیصد سونا اس کے مرکز میں چھپا ہے جو ہزاروں کلومیٹر موٹی چٹانوں کے نیچے ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

سائنس دانوں نے حال ہی میں ہوائی جزیرہ (امریکہ) میں ایک بڑی کھوج کی ہے جس میں زمین کے کور (core) سے سونا اور قیمتی دھات نکل رہے ہیں۔ یہ خزانہ ’لاوا‘ کی شکل میں باہر آ رہا ہے اور اس کے نشان ہوائی کے آتش فشاں چٹانوں میں پائے گئے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق زمین کا 99.9 فیصد سونا اس کے مرکز میں چھپا ہے جو ہزاروں کلومیٹر موٹی چٹانوں کے نیچے ہے۔

جرمنی کی گوٹنگین یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ہوائی جزیرہ کے آتش فشاں چٹانوں کی جانچ کی۔ ان میں انہیں روتھینیم نام کی ایک قیمتی دھات ملی جو صرف زمین کے کور-مینٹل سرحد سے آ سکتی ہے۔ یہ سرحد زمین کی سطح سے 2900 کلومیٹر نیچے ہے۔ سائنس داں نیلس میسلنگ نے کہا کہ ہمیں لگا جیسے ہم نے واقعی سونا کھوج لیا۔


سائنس دانوں نے ہوائی کے کلاؤا آتش فشاں کی چٹانوں میں روتھینیم کی جانچ کی۔ انہوں نے دیکھا کہ یہ روتھینیم کور سے آیا ہے، نہ کہ میٹنل سے۔ اس کا مطلب ہے کہ کور سے کچھ دھات مینٹل کے راستے سطح تک پہنچ رہی ہیں۔ یہ سونا اور دیگر قیمتی دھاتیں جو ہم آج کانکنی کرتے ہیں، شاید کور سے ہی آئی ہوں۔

یہ مطالعہ بتاتا ہے کہ زمین کا کور اتنا الگ تھلگ نہیں ہے جتنا پہلے تصور کیا جاتا تھا۔ کور سے گرم چٹانیں اور دھاتیں مینٹل کے راستے اوپر آ رہی ہیں۔ ہوائی جیسے جزیرے اِنہی گرم چٹانوں کی وجہ سے بنے ہیں، جنہیں مینٹل پلوم کہتے ہیں۔ یہ پلوم کور-مینٹل سرحد سے شروع ہوتا ہے اور سطح تک پہنچتا ہے، جس سے آتش فشاں بنتے ہیں۔


زمین کا کور سونا اور قیمتی دھاتیں اخراج کر رہا ہے۔ ہوائی کے آتش فشاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کور سے اشیا سطح تک آ رہی ہے۔ یہ کھوج ہمیں زمین کی بناوٹ اور ہوائی جیسے جزیروں کے بننے کے بارے میں بتاتی ہے اور یہ کھوج نہ صرف زمین اور کور کے راز کو کھولتی ہے بلکہ یہ بھی دکھاتی ہے کہ ہمارے سیارے کا سونا اور قیمتی دھاتیں کور تک طویل سفر طے کرتی ہیں۔ سائنس داں اب اس بات کی مزید جانچ کریں گے کہ زمین کا کور اور مینٹل کیسے ایک دوسرے جڑے ہیں۔

واضح رہے کہ ‘کرسٹ‘ زمین کی سب سے اوپری سطح ہے جبکہ ’مینٹل‘ درمیان کی سطح ہے جو چٹانوں سے بنی ہے اور سیارے کا سب سے بڑا حصہ ہے۔ وہیں ’کور‘ زمین کا مرکز ہے، جس میں دو حصے ہیں باہری کور جو پگھلی ہوئی دھات کا سمندر ہے، داخلی کور، جو زیادہ تر ٹھوس لوہے کی گیند ہے۔ کور میں سونا، روتھینیم اور دیگر قیمتی اشیا ہیں جو زمین کے بننے کے وقت وہاں جمع ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔