ہڑپا کے لوگوں کی زبان پڑھنے کی کوششیں... وصی حیدر

ڈاکٹر مہادیون کے مطابق ہڑپا تہذیب ایک شہری تہذیب تھی جبکہ شروعاتی ودیک (آرین) تہذیب چھوٹے گاؤں یا چراگاہوں میں گھومنے والے لوگوں کی تھی۔ یعنی ویدک تہذیب میں کوئی بھی شہر نہیں تھا

Getty Images
Getty Images
user

وصی حیدر

(32 ویں قسط)

ابھی تک ہڑپا کے لوگوں کی لکھائی کو سمجھنے کی جو بھی کوششیں ہوئی ہیں ان کا نتیجہ یہی ہے کہ یہ دراوڑ زبان کا شروعاتی نسخہ ہے۔ سو سال کی کوششوں کے بعد بھی ہم ابھی تک ان کی زبان کو سمجھنے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں۔ لیکن ان کوششوں میں سب سے اہم تحقیقات ڈاکٹر مہادیون اور پروفیسر پرپولا کی ہیں۔ ڈاکٹر مہادیون پرانی زبانوں کے ماہر ہیں اور ان کا سب سے اہم کارنامہ تمل براہمی زبان کو پڑھنے کا ہے جس میں تمل زبان کی سب سے پرانی دستاویزیں ہیں۔

ڈاکٹر مہادیون کی تحقیقات کا مندرجہ ذیل نتیجہ ہے۔

پہلا تو یہ کہ ہڑپا تہذیب ایک شہری تہذیب تھی جبکہ شروعاتی ودیک (آرین) تہذیب چھوٹے گاؤں یا چراگاہوں میں گھومنے والے لوگوں کی تھی۔ یعنی ویدک تہذیب میں کوئی بھی شہر نہیں تھا۔

دوسرا نتیجہ یہ ہے کہ ہڑپا تہذیب کی تمام مہروں میں مختلف جانوروں کی تصویریں ہیں لیکن کسی میں بھی گھوڑا نہیں ہے۔ گھوڑا اور گاڑی آرین تہذیب کی خاص انفرادی پہچان ہے۔

تیسرا اہم نتیجہ: چیتا (Tiger) کی تصویر مہروں پر ہیں، جبکہ سب سے پرانے ودیک ’’رِگ وید‘‘ میں چیتے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔


زبان کے بارے میں مہادیون کا یقین ہے کہ انھوں نے وہ سارے ثبوت اکھٹا کر لئے ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کی زبان کا دراوڑ زبان سے گہرا تعلق ہے۔ دراوڑ زبان سے اہم رشتہ کے ثبوت میں مہادیون پیپل پیڑ کی پوجا، سانپ کی اہمیت، بھینسے کے سر والی دیوی اور لنگ کی پوجا ،یہ سبھی وادی سندھ کی تہذیب کی وراثت ہیں۔ ہڑپا تہذیب کی وراثت دراوڑ اور انڈو- یورپین زبانیں بولنے والے لوگ (آرین) دونوں نے اپنائی۔ دراوڑ وراثت کی زبان ہے اور انڈو-یورپین وراثت کلچرل ہے، جیسے مختلف زبانوں سے لفظوں کو اپنایا اور مختلف کہانیوں کی اپنی رسومات میں جگہ دی۔ اصل سبق ہڑپا تہذیب کا ’’انیکتا میں ایکتا‘‘ ہے۔

جب آرین ہندوستان میں آئے تو ہڑپا تہذیب ختم ہو رہی تھی اور ان کی زبان صرف جنوبی (South) ہندوستان میں رہ کر پروان چڑھی اور مختلف دراوڑ زبانوں کی شکل میں ابھری اور اسی وجہ سے دراوڑ زبانوں کو بولنے والے لوگوں میں وہ تمام سماجی رسومات کافی حد تک اب بھی موجود ہیں۔


مہادیون کی سب سے اہم دریافت ہڑپا کے لوگوں کے لوگوں کی زبان کے اسکرپٹ میں اس وقت کے خوبصورت منصوبہ بندی سے بنائے ہوئے شہروں اور مکانات کے نشان ہیں۔ مثلاً مربع (Square ) کے اندر مربع کی شکل کو وہ بڑے گھر کے مالک (Lord of the House) سے منصوب کرتے ہیں۔ مہادیون کا ماننا ہے کہ پرانی تمل میں اکاٹیم کو اگستیا کی پرانی کہانی سے ملاتے ہیں۔ جس میں وہ 18 بادشاہوں کے پورے خاندان کو شمال ہندوستان سے لاکر جنوبی ہندوستان میں بسایا۔ اسی طرح کی تصویروں کی شکل میں مصری زبان کی تہذیب میں بھی استعمال ہوتی تھی۔

ہڑپا تہذیب کے لوگوں کی زبان کو سمجھنے کے لئے پروفیسر پر پولا ان لوگوں میں علم نجوم کی اہمیت کی تحقیقات کرتے ہیں۔ ان کے خیال میں ہڑپا کی کھدائی میں پائی گئی لاتعداد مہروں میں مچھلی کی شکل بنی ہوئی ہے۔ پرانی دراوڑ زبانوں میں مچھلی کے لئے مین لفظ کا استعمال ہوتا ہے اور یہی لفظ ستاروں کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ کچھ مہروں پر مچھلی کی شکل کے ساتھ ساتھ چھ سیدھی لائنیں بھی ہیں۔ پروفیسر پرپولا کے خیال میں یہ ستاروں کے جھرمٹ صریا (Pleiades) کی طرف اشارہ ہے اور مچھلی کے ساتھ چھ کھڑی لائنیں دُب اکبر (Ursa Major) کی طرف اشارہ ہے۔ ہم کو یہ اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ دونوں خاص ستاروں کے جھرمٹ ہماری تہذیب کی اہم کہانیوں کا حصہ ہیں۔

اگلی قسط میں ختم ہوتی عظیم ہڑپا کی تہذیب کے لوگ آخر پھر کہاں گئے، اس کا ذکر ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔