چین کی بڑی چھلانگ: مریخ کی سطح پر ’روور‘ بھیجنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا

چین نے خلائی شعبہ میں بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے مریخ کی سطح پر ایک روور کو اتار دیا ہے۔ اسی کے ساتھ چین دنیا کا دوسرا ایسا ملک بن گیا ہے جس نے کامیابی کے ساتھ مریخ کی سطح پر روور کو بھیجا ہے

چین کی بڑی کامیابی / سی این ایس اے
چین کی بڑی کامیابی / سی این ایس اے
user

قومی آوازبیورو

بیجنگ: چین نے خلائی شعبہ میں بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے مریخ کی سطح پر ایک روور کو اتار دیا ہے۔ اسی کے ساتھ چین دنیا کا دوسرا ایسا ملک بن گیا ہے جس نے کامیابی کے ساتھ مریخ کی سطح پر روور کو بھیجا ہے۔ سات مہینے کے خلائی سفر، تین مہینے تک مدار کی گردش اور آخر میں سب سے اہم نو منٹ کے بعد چین نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) نے کہا ہے کہ چورونگ روور نے ہفتہ کے روز مریخ پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔ روور ایک چھوڑا خلائی روبوٹ ہوتا ہے جس میں پہیے لگے ہوئے ہوتے ہیں۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق، چو رونگ چھ پہیوں والا روور ہے۔ یہ مریخ کے یوٹوپیا پلینیشیا میدان تک پہنچا ہے جو اس کے نصف کرہ شمالی کا حصہ ہے۔

چین نے اس روور میں ایک پروٹیکٹیو کیپسول، ایک پیراشوٹ اور راکٹ پلیٹ فارم کا استعمال کیا ہے۔ چین کا یہ روور یوٹوپیا پلینیشیا سے مریخ کی تصاویر بھیجے گا۔ چینی انجینئر اس پر مدت طویل سے کام کر رہے تھے۔ مریخ سے زمین کا موجودہ فاصلہ 32 کروڑ کلومیٹر ہے، اس کا مطلب زمین تک ریڈیو پیغام کے پہنچنے میں 18 منٹ کا وقت لگے گا۔


چورونگ روور کو مریخ پر اتارنے میں چین کو ایسے وقت میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ اس کی عالمی تکنیکی قیادت کے حوالہ سے امریکہ کے ساتھ ہوڑ چل رہی ہے۔ اگرچہ خلائی سائنس میں امریکہ نے آج تک بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم اب چین اسے اسے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔

حال ہی میں چین نے دنیا کا پہلا کوانٹم سٹیلائٹ لانچ کیا تھا۔ اس کی چاند پر لینڈنگ ہوئی تھی اور وہاں سے اسے نمونے حاصل کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ چین اپنا اسیس اسٹیشن بھی تیار کر رہا ہے۔

قبل ازیں، دسمبر 2020 میں بھی چین کو خلائی شعبہ میں اس وقت کامیابی حاصل ہوئی تھی جب اس کی جانب سے بھیجا گیا روبوٹک خلائی جہاز 'چینگ فائیو' کامیابی سے چاند کی سطح پر لینڈ کر گیا تھا۔ اس مشن کا مقصد چاند کی زمین سے مٹی اور پتھروں کے نمونے اکٹھے کر کے واپس زمین پر لانا تھا۔ یہ چاند گاڑی بہت سے آلات سے لیس تھی جن میں کیمرہ، سپیکٹرو میٹر، ریڈار وغیرہ شامل تھے۔


اگر چورونگ مریخ سے اگلے 90 دنوں میں اطلاعات کو جمع کرنے اور بھیجنے کے مشن میں کامیاب رہتا ہے تو چین امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا ملک ہوگا، جس کے نام یہ کامیابی ہوگی۔ سویت یونین نے بھی 1971 میں مریخ پر 3 روور بھیجے تھے لیکن سگنل ٹوٹ گیا تھا اور وہاں سے کوئی اطلاع نہیں آ پائی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ چین سے پہلے امریکہ، روس، یورپی یونین اور ہندوستان مریخ پر اپنے خلائی جہاز اتار چکے ہیں۔ ہندوستان پہلا اشیائی ملک ہے جس نے 2014 میں پہلی بار میں مریخ پر خلائی جہاز کو اتارنے میں کامیابی حاصل کی تھی، اس وقت سے یہ مریخ کی اہم معلومات اور تصاویر بھیج رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 May 2021, 11:23 AM