چندریان-3 کی لانچنگ سے متعلق تاریخ اور وقت کا اعلان، مشن کے شروعاتی 15 دن ہوں گے انتہائی اہم

حالات موافق رہے تو 14 جولائی کو چندریان-3 کی لانچنگ یقینی ہے، ویسے اِسرو نے اس مشن کو لانچ کرنے کے لیے 13 سے 19 جولائی کے درمیان کا وِنڈو تیار کیا ہے۔

اسرو، تصویر آئی اے این ایس
اسرو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی خلائی تحقیقاتی آرگنائزیشن (اِسرو) نے چندریان-3 کی لانچنگ کے لیے تاریخ اور وقت کا اعلان کر دیا ہے۔ اِسرو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ چندریان-3 کی لانچنگ 14 جولائی کو دوپہر 2.35 بجے لانچ کیا جائے گا۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’چندریان-3 کی لانچنگ کا اعلان۔ ایل وی ایم 3-ایم 4/چندریان-3 مشن کی لانچنگ اب مقرر ہے۔ اسے ایس ڈی ایس سی، شری ہریکوٹا سے 14 جولائی 2023 کو دوپہر 2.35 بجے لانچ کیا جائے گا۔‘‘

موصولہ اطلاعات کے مطابق حالات موافق رہے تو 14 جولائی کو چندریان-3 کی لانچنگ یقینی ہے، ویسے اِسرو نے اس مشن کو لانچ کرنے کے لیے 13 سے 19 جولائی کے درمیان کا وِنڈو تیار کیا ہے۔ اِسرو کے خلائی سائنس پروگرام کی سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس سیتا کے مطابق چندریان-3 کی لانچنگ ہوا اور دیگر حالات پر منحصر کرے گی۔ اس کو توجہ میں رکھتے ہوئے ہی لانچنگ کے لیے ایک ہفتے کا وقت رکھا گیا ہے۔ حالانکہ سب کچھ منصوبہ کے مطابق رہا تو چندریان-3 کی لانچنگ 14 جولائی کی دوپہر 2.35 یقینی ہے۔


واضح رہے کہ اَرتھ یعنی دنیا کے واحد قدرتی سیارچہ چاند پر ایک دن دنیا کے 29.5306 دن کے برابر ہوتا ہے۔ ڈاکٹر سیتا کے مطابق تجربہ ایک ’مون ڈے‘ یعنی چاند کے ایک مکمل دن پر مشتمل ہوگا۔ گویا کہ اس میں دنیا کے تقریباً 30 دن لگیں گے۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ تقریباً 15 دن (دنیا کے) بعد چاند پر رات ہوگی اور درجہ حرارت صفر سے 170 ڈگری سنٹی گریڈ یا اس سے کم ہو جائے گا۔ اگلے 15 دن میں حالات بدلیں گے اور اس کے بعد سردی کا لینڈر پر کتنا اور کیا اثر ہوگا، اس کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اس مشن کے لیے شروعاتی 15 دن کافی اہم ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔