فالکن-9 راکیٹ میں خرابی کے سبب ایکزیوم-4 مشن ملتوی، تاریخ رقم کرنے کے لیے شبھانشو کو کرنا ہوگا مزید انتظار

بوسٹر کے تحفظاتی جانچ میں رساؤ کا پتہ چلنے کے بعد ممکنہ خطرے کو دیکھتے ہوئے مشن کو روکنا پڑا۔ لانچنگ کی نئی تاریخ راکیٹ کی خرابی دور کرنے اور رینج دستیابی کی بنیاد پر جلد اعلان کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>خلائی مشن پر جانے والی ٹیم۔ تصویر ’انسٹا گرام‘</p></div>

خلائی مشن پر جانے والی ٹیم۔ تصویر ’انسٹا گرام‘

user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی خلا باز شبھانشو شکلا کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) لے جانے والے ایکزیوم اسپیس کے مشن ایکزیوم-4 (Ax-4) کو ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ مشن بدھ کی شام کو لانچ کیا جانا تھا لیکن فالکن-9 راکیٹ میں خرابی کی وجہ سے اس لانچنگ کو روک دیا گیا۔ اس کی اطلاع خود ’اسرو‘ نے ’ایکس‘ پر دی۔

اسپیس ایکس نے بھی اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ لانچنگ کے لیے استعمال کیے جا رہے فالکن-9 راکیٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے آئی ایس ایس کے لیے مشن کو روک دیا گیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ لانچنگ کی نئی تاریخ راکیٹ کی خرابی دور کرنے اور رینج دستیابی کی بنیاد پر جلد ہی اعلان کی جائے گی۔


دراصل ایل او ایکس یعنی لکویڈ آکسیجن، راکیٹ ایندھن کا اہم حصہ ہے۔ بوسٹر کے تحفظاتی جانچ میں رساؤ کا پتہ چلنے کے بعد ممکنہ خطرے کو دیکھتے ہوئے مشن کو ملتوی کرنا پڑا۔ اسپیس ایکس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحفظاتی ترجیحات کو پیش نظر رکھا۔

اے ایکس-4 مشن، ایکزیوم اسپیس کے ذریعہ چلایا جا رہا ایک پرائیویٹ مشن ہے، جس میں خلا بازوں کا ایک بین الاقوامی دستہ آئی ایس ایس کی طرف روانہ ہونے والا تھا۔ یہ مشن سائنسی تحقیق، تکنیکی تجربات، اور کاروباری سرگرمیوں سے جڑا ہوتا ہے۔


واضح رہے کہ ہندوستانی خلا باز شبھانشو شکلا کو شام ساڑھے پانچ بجے آئی ایس ایس سے روانہ ہونا تھا۔ وہ امریکہ کے فلوریڈا واقع ’ناسا‘ کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اڑان بھرنے والے تھے۔ اسپیس ایکس کے ڈریگن کیپسول سے تین اور خلا باز بھی شکلا کے ساتھ 14 دنوں کے لیے خلائی اسٹیشن پر جانے والے تھے۔ چاروں خلا بازوں کو پہلے 9 جون کو ہی روانہ ہونا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے ایکزیوم-4 مشن کو دون دن کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد آج پھر یہ مشن ملتوی کرنا پڑا۔

ویسے شبھانشو آئی ایس ایس پر جانے والے پہلے اور خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے تھے۔ کیپٹن راکیش شرما کے 41 سال بعد کوئی ہندوستانی خلا میں جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔