ایکسئوم-4 مشن کی تاخیر: ہندوستانی خلاباز شبھانشو شکلا سمیت 4 خلا نوردوں کی پرواز پھر ملتوی

ایکسئوم-4 مشن، جس کے ذریعے ہندوستانی خلاباز شبھانشو شکلا سمیت چار خلا نوردوں بین الاقوامی خلائی مرکز تک جانے والے تھے، تکنیکی جائزے کے سبب ملتوی کر دیا گیا۔ نئی تاریخ جلد طے ہوگی

<div class="paragraphs"><p>ایکسیوم مشن کا عملہ / آئی&nbsp; اے این ایس</p></div>

ایکسیوم مشن کا عملہ / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے روانہ ہونے والے ایکسئوم-4 مشن کو ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس مشن کے تحت چار خلا نوردوں کو خلائی اسٹیشن بھیجا جانا تھا جن میں ہندوستانی خلانورد شُبھانشو شُکلا بھی شامل ہیں۔ نیا لانچنگ شیڈول جلد طے کیا جائے گا۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے اس مشن کی لانچنگ سے متعلق تازہ معلومات جاری کی ہیں۔

22 جون کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ اور ڈریگن کیپسول کے ذریعے اس مشن کی پرواز طے تھی لیکن اب ناسا، اسپیس ایکس اور ایکسئوم اسپیس نے مشترکہ طور پر اسے عارضی طور پر موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ناسا کے بیان کے مطابق، یہ فیصلہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے روسی حصے میں حالیہ مرمت کے بعد آپریشنل صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کی غرض سے لیا گیا ہے۔ زویوزدا سروس ماڈیول کے پچھلے حصے میں مرمت کے بعد خلائی اسٹیشن کی مختلف تکنیکی نظاموں کے باہمی رابطے اور کارکردگی کو جانچنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چونکہ خلائی اسٹیشن کی تمام سسٹمز ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہیں، اس لیے اضافی خلا نوردوں کی آمد سے قبل مکمل تیاری کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے لیے نیا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے اور اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ناسا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایکسئوم-4 مشن ہندوستان، پولینڈ اور ہنگری جیسے ممالک کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اور تینوں خلائی ایجنسیز اس اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔ موجودہ وقت میں تمام خلا نورد فلوریڈا میں قرنطینہ میں ہیں اور جیسے ہی خلائی اسٹیشن مکمل طور پر تیار ہو جائے گا، پرواز کی نئی تاریخ مقرر کر دی جائے گی۔

اس مشن کی قیادت سابق ناسا خلا نورد اور ایکسئوم اسپیس کی ڈائریکٹر برائے انسانی خلائی پرواز، پیگی وِٹسن کر رہی ہیں۔ ہندوستان کے شُبھانشو شُکلا پائلٹ کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ یورپی خلائی ادارے کے پولینڈ سے تعلق رکھنے والے خلا نورد سلاوش اُزنانسکی اور ہنگری کے ٹیبور کاپو بطور مشن اسپیشلسٹ شامل ہیں۔

یہ مشن نہ صرف خلا نوردی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کی علامت ہے بلکہ ان ممالک کے لیے بھی ایک فخر کا لمحہ ہے جو پہلی بار اس سطح پر انسانی خلا نوردی میں براہِ راست شرکت کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔