نیلامی 5G اسپیکٹرم: پہلے دن 1.45 لاکھ کروڑ کی بولیاں لگائی گئیں

ٹیلی مواصلات کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ اسپیکٹرم 14 اگست تک الاٹ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ 5جی خدمات سال کے اواخر یعنی دسمبر تک کئی شہروں میں شروع ہونے کی توقع ہے

5جی اسپیکٹرم، تصویر آئی اے این ایس
5جی اسپیکٹرم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں منگل کے روز 5G اسپیکٹرم کی نیلامی شروع ہو گئی اور پہلے دن 1.45 لاکھ کروڑ روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔ مکیش امبانی، سنیل بھارتی متل اور گوتم اڈانی کی کمپنیوں نے ریڈیو ویو کے لیے اب تک کی سب سے بڑی نیلامی کے لیے بولی لگائی۔ تمام چار درخواست دہندگان، امبانی کی ریلائنس جیو، متل کی بھارتی ایئرٹیل، ووڈافون-آئیڈیا اور اڈانی گروپ کی کمپنی نے 5G اسپیکٹرم نیلامی میں حصہ لیا۔

ٹیلی مواصلات کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ 700 میگا ہرٹز بینڈ پر بھی بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ اسپیکٹرم کو 14 اگست تک الاٹ کرنے کا ہدف ہے جبکہ 5G خدمات سال کے آخر یعنی دسمبر تک کئی شہروں میں شروع ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کو بولی لگانے کے پہلے دن 1.45 لاکھ کروڑ روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔ یہ توقع سے زیادہ ہے اور 2015 کے ریکارڈ تجاوز کر گئی ہیں۔ پہلے دن نیلامی کے چار راؤنڈ ہوئے اور درمیانی اور اعلیٰ بینڈ میں کمپنیاں نے زیادہ دلچسپی ظاہر کی۔ کمپنیوں نے 3300 میگا ہرٹز اور 26 گیگا ہرٹز بینڈز میں سرگرمی سے بولیاں لگائیں۔


وزیر ٹیلی کام کے مطابق بولی میں شامل چار کمپنیوں کی شرکت نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی پر کمپنیوں کے ردعمل سے لگتا ہے کہ وہ مشکل وقت سے نکل آئی ہیں۔ اشونی وشنو نے کہا کہ حکومت ریکارڈ وقت میں اسپیکٹرم مختص کرے گی اور دسمبر تک 5G خدمات شروع ہونے کی امید ہے

طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نیلامی کے دوران یہ معلوم نہیں ہوگا کہ کس کمپنی نے کتنا سپیکٹرم حاصل کیا ہے۔ نیلامی سپیکٹرم کے لیے (600 میگا ہرٹز، 700 میگا ہرٹز، 800 میگا ہرٹز، 900 میگا ہرٹز، 1800 میگا ہرٹز، 2100 میگا ہرٹز، 2300 میگا ہرٹز)، درمیانے (3300 میگا ہرٹز) اور ہائی (26 گیگا ہرٹز) فریکوئنسی بینڈز کے لئے کی جا رہی ہے۔ نیلامی بدھ کے روز یعنی آج بھی جاری رہے گی۔


رپورٹ کے مطابق 5G سروسز کی آمد سے انٹرنیٹ کی رفتار 4G کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا زیادہ ہو جائے گی۔ اس میں انٹرنیٹ کی رفتار ایسی ہوگی کہ چند سیکنڈ میں موبائل پر فلم ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ یہ ای-ہیلتھ، میٹاورس، جدید ترین موبائل کلاؤڈ گیمنگ سمیت مختلف شعبوں میں انقلاب برپا کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔