اوپن اے آئی کی ہندوستانی صارفین کو پیشکش، ’چیٹ جی پی ٹی گو‘ ایک سال کے لیے مفت
اوپن اے آئی نے ہندوستانی صارفین کے لیے ’چیٹ جی پی ٹی گو‘ کو ایک سال کے لیے مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیشکش 4 نومبر سے سائن اپ کرنے والوں کے لیے محدود مدت تک دستیاب ہوگی

مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے ہندوستانی صارفین کے لیے ایک بڑی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ اس کی سبسکرپشن پر مبنی سروس ’چیٹ جی پی ٹی گو‘ اب ہندوستانی صارفین کے لیے ایک سال کے لیے بالکل مفت دستیاب ہوگی۔ یہ سہولت محدود مدت کے پروموشنل پروگرام کے تحت 4 نومبر سے سائن اپ کرنے والے صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق، اوپن اے آئی 4 نومبر کو بنگلورو میں اپنے پہلے ڈیو-ڈے ایکسچینج ایونٹ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے، جس کا مقصد ہندوستان میں بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی برادری کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ اسی موقع کی خوشی میں ہندوستانی صارفین کو یہ خصوصی سہولت دی جا رہی ہے تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کے جدید ترین فیچرز کو مفت استعمال کر سکیں۔
اوپن اے آئی کے وائس پریزیڈنٹ اور ہیڈ نک ٹرلی نے کہا، ’’چیٹ جی پی ٹی گو‘ لانچ کرنے کے بعد صارفین کی جانب سے جو جوش و خروش، تخلیقی سوچ اور تیز رفتار اپنانے کی صلاحیت دیکھی گئی ہے، وہ ہمارے لیے نہایت متاثر کن رہی ہے۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستانی صارفین بغیر کسی اضافی لاگت کے ان جدید ٹولز کو استعمال کر کے اپنی تعلیم، کام اور تخلیقی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک لے جائیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کو اس بات کا بے حد انتظار ہے کہ ہندوستان کے صارفین ’چیٹ جی پی ٹی گو‘ کے ذریعے کیا کچھ نیا سیکھتے اور تخلیق کرتے ہیں۔
’چیٹ جی پی ٹی گو‘ دراصل اوپن اے آئی کی ایک پریمیم سبسکرپشن سروس ہے، جس میں صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کے عام ورژن کے مقابلے میں کئی اضافی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ ان میں زیادہ پیغامات بھیجنے کی حد، زیادہ امیج جنریشن، فائلز اور تصاویر اپ لوڈ کرنے کی سہولت، اور بڑی میموری شامل ہے۔
یہ سروس اگست 2025 میں ہندوستان میں لانچ کی گئی تھی۔ کمپنی کے مطابق، اس وقت اسے خاص طور پر ان صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جو کم قیمت میں چیٹ جی پی ٹی کے ایڈوانس فیچرز تک رسائی چاہتے تھے۔ لانچ کے فوراً بعد ہی کمپنی کے پریمیم سبسکرائبرز کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا اور پہلے ہی مہینے میں ہندوستان میں پیڈ سبسکرپشنز تقریباً دگنی ہو گئیں۔
اوپن اے آئی کے اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان چیٹ جی پی ٹی کا دوسرا سب سے بڑا اور تیزی سے بڑھتا ہوا بازار ہے، جہاں روزانہ کروڑوں افراد اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں۔ طلبا، پروفیشنل اور ڈیولپرز سبھی اس کے ذریعے نئی مہارتیں سیکھ رہے ہیں، اپنی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تخلیقی حل تلاش کر رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ہندوستان جیسے ترقی پذیر ٹیکنالوجی مراکز میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو مصنوعی ذہانت کے جدید ترین ٹولز تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔