انڈین آئی ٹی انڈسٹری کے ’فادر‘ فقیر چند کوہلی کا انتقال

انڈین انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) دنیا کے ’فادر‘ سمجھے جانے والے ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز (ٹی سی ایس) کے پہلے چیف ایگزیکٹو چیئرمین فقیر چند کوہلی کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔ وہ 96 برس کے تھے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی معروف آئی ٹی کمپنی ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز (ٹی سی ایس) کے پہلے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)فقیر چند کوہلی کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔ فقیر چند کوہلی 96 برس کے تھے اور انہیں انڈین آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) انڈسٹری کا ’فادر‘ کہا جاتا تھا۔ ٹی سی ایس نے کوہلی کے انتقال کی تصدیق کی۔

ٹاٹا گروپ کے چیرمین رتن ٹاٹا نے ایف سی کوہلی کو یاد کرتے ہوئے کہا ’’ایف سی کوہلی نے ٹاٹا گروپ کو تیار کرنے کا کام کیا تھا اور شروعاتی سالوں میں اس کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے کمپنی کے لئے جو ویزن تیار کیا تھا اسی کی وجہ سے آج ٹی سی ایس کا دنیا میں ایک خاص مقام ہے۔‘‘


سنہ 2002 میں کوہلی کو انڈین سافٹ ویئر انڈسٹری میں عمدہ کارکردگی کے لیے انھیں پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔ وہ 1999 میں 75 برس کی عمر میں سبکدوش ہوئے۔

کوہلی کی پیدائش 19 مارچ، 1924 کو پشاور میں ہوئی تھی۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے تحت لاہور میں گورنمنٹ کالج فار مین سے گریجیویشن اور بی ایس سی کیا۔

بعد میں وہ کینیڈا کی کوین یونیورسٹی گئے اور 1948 میں الیکٹریکل انجینیئرنگ میں بی ایس سی (آنرس) کیا۔ انہوں نے 1950 میں مَیساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے میکینیکل انجینیئرنگ میں ایم ایس بھی کیا۔

کوہلی ستمبر 1969 میں ٹی سی ایس کے مینیجر جنرل بنے اور 1994 میں ڈپٹی چیئرمین بنے اور باقی تاریخ ہے۔ سنہ 1991 میں انہوں نے آئی بی ایم کو ٹاٹا۔آئی بی ایم کے حصہ کے بطور آئی بی ایم کو ہندوستان میں لانے کے لیے سرگرم ہو کر کام کیا۔

پچھتر سال کی عمر میں سبکدوش ہونے والے کوہلی نے ٹی سی ایس کو اس مقام پر چھوڑا جہاں سے اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ آج ٹی سی ایس دنیا کی سب سے بااثر آئی ٹی کمپنی ہے۔ ہندوتان میں بازار میں سرمایہ کاری کے معاملہ میں ٹی سی ایس، ریلائنس انڈسٹریز کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔