معروف ناول نگار ابن سعید کی شریک حیات حمیدہ زہرا کا انتقال

حمیدہ زہرا منگل کے روز مغرب کی نماز پڑھ کر اٹھیں اور اچانک انھیں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ دنیائے فانی کو الوداع کہہ گئیں۔ اچانک ان کے انتقال سے لوگوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف ناول نگار ابن سعید کی بیوی حمیدہ زہرا 12 فروری کی شام لکھنؤ میں اچانک انتقال کر گئیں۔ اس اندوہناک خبر سے نہ صرف ان کے خاندان والوں بلکہ دنیائے ادب میں بھی غم کا ماحول پھیل گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 80 سالہ حمیدہ زہرا منگل کے روز مغرب کی نماز پڑھ کر اٹھیں اور اچانک انھیں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ دنیائے فانی کو الوداع کہہ گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھی اور اچانک ان کے انتقال سے لوگوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حمیدہ زہرا خود ایک معروف دانشور رہی ہیں اور وہ جاسوسی دنیا کے شہرت یافتہ پبلشر سید عباس حسینی کی چھوٹی بہن تھیں۔ ان کا بچپن بھی ادبی ماحول میں گزرا اور شادی کے بعد بھی انھیں ادبی ماحول ملا۔ شوہر ابن سعید جو کہ پروفیسر مجاور حسین رضوی کے نام سے بھی مقبول ہیں، انھوں نے کم و بیش 250 ناول لکھے ہیں اور ادبی دنیا میں ایک بہت بڑا نام ہیں۔ حمیدہ زہرا کا انتقال ان کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔ حمیدہ زہرا نے اپنے پسماندگان میں شوہر ابن سعید کے علاوہ 3 بیٹیاں اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔ مرحومہ کی تدفین آج (13 فروری) لکھنؤ میں بعد نماز ظہر ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔