کشمیر: عید کی آمد آمد، مگر بارشوں کی وجہ سے بازاروں میں گہماگہمی مفقود

دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید سے تین یا چار دن قبل ہی بازاروں میں لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ ہوتی تھی لیکن امسال ایسا کہیں نظر ہی نہیں آ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سری نگر میں بارش، تصویر یو این آئی</p></div>

سری نگر میں بارش، تصویر یو این آئی

user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جاری نا ساز گار موسمی صورتحال کے باعث بازاروں میں عید کی آمد کے پیش نظر معمول کی گہماگہمی مفقود نظر آرہی ہے۔ وادی میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے وہیں سڑکوں اور گلی کوچوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل ہوگیا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید سے تین یا چار دن قبل ہی بازاروں میں لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ ہوتی تھی لیکن امسال ایسا کہیں نظر ہی نہیں آ رہا ہے۔

فردوس فٹ وئیر کے مالک فردوس احمد نامی ایک دکاندار نے یو این آئی کو بتایا کہ عید سے ایک ہفتہ قبل ہی دکانوں پر تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 'میری دکان پر خریداروں کا اس قدر رش ہوتا تھا کہ کئی خریدار بغیر خریداری کے ہی چلے جاتے تھے لیکن بارشوں کی وجہ سے امسال ایسا کچھ بھی نہیں ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی کم تعداد میں خریدار اب میری دکان پر آتے ہیں کیونکہ خراب موسمی حالات نے لوگوں کو گھروں میں ہی مقید کر رکھا ہے۔


فرنڈس ریڈی میڈ گارمنٹس کے مالک تنویر احمد نے بتایا کہ خریدار کہیں نظر ہی نہیں آتا ہے معمول کا رش کہیں دکھائی ہی نہیں دیتا ہے بلکہ بازار لوگوں کی نقل و حمل بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'عید سے قبل خریداروں کا اتنا رش ہوتا تھا کہ مجھے بیٹھنے کو فرصت ہی نہیں ملتی تھی لیکن امسال میں بس بیٹھا ہی ہوں بہت کم خریدار آتے ہیں اور وہ بھی سردی سے کانپتے ہوتے ہیں اور خریداری بھی کم کرتے ہیں'۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی بازاروں میں رونق بحال ہوسکتی ہے۔

محمد امین نامی ایک خریدار نے کہا کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے سڑکیں، گلہ کوچے پانی سے بھرے ہوئے ہیں باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'میں مجبور ہو کر گھر سے باہر نکلا اور کچھ ضروری چیزیں خریدیں ورنہ برستی بارش میں گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوجاتا ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کی وجہ سے سردی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جس نے مزید مشکلات پیدا کر دیئے ہیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے بچوں کا گھومنا پھرنا اور کھیلنا کودنا بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */