قاضی شہر میرٹھ پروفیسر مولانا قاضی زین الساجدین صدیقی قاسمیؒ کا انتقال، صدر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار تعزیت
مرحوم کی نماز جنازہ میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی صاحب کی قیادت میں ایک مرکزی وفد نے شرکت کی۔ وفد میں مفتی ذاکر حسین قاسمی، حافظ ابو بکر وغیرہم شامل تھے۔

قومی آواز گرافکس
نئی دہلی:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر، معروف عالم دین، میرٹھ کے شہر قاضی مولانا زین الساجدین صدیقی قاسمیؒ کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم دارالعلوم دیوبند کے فاضل اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ سنی دینیات کے استاذ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سنجیدہ فکر کے حامل تھے۔ انہوں نے علمی اور تحقیقی میدان میں قابل تعریف خدمات انجام دی ہیں، بالخصوص جدید نصاب دینیات کی ترتیب اور امام اوزاعیؒ کی سوانح پر ان کی تحقیقات قابل قدر علمی سرمایہ ہیں۔
ان کا خاندان فقہی خدمات کے حوالے سے بھی منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے والد بزرگوار قاضی زین العابدینؒ سجاد و دیگر بزرگوں نے جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے قومی اور دینی تحریکوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔ خود مولانا قاضی زین الساجدین صدیقی قاسمیؒ بھی محکمہ شرعیہ میرٹھ کے صدر اور جمعیۃ علماء میرٹھ کے معزز رکن کی حیثیت سے شرعی و سماجی خدمات میں مصروف رہے۔
واضح ہو کہ مرحوم کی نماز جنازہ میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی صاحب کی قیادت میں ایک مرکزی وفد نے شرکت کی۔ وفد میں مفتی ذاکر حسین قاسمی، حافظ ابو بکر وغیرہم شامل تھے۔ وفد نے اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا تعزیتی خط پیش کیا۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔