سعودی عرب میں شاہراہ پر پیش آنے والا حادثہ نہایت دل خراش: کوثر جہاں
کوثر جہاں نے بتایا کہ ان کی خود قونصلیٹ جنرل سے بات ہوئی ہے اور وہ اپنی پوری امدادی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

نئی دہلی: سعودی عرب میں شاہراہ پر ہونے والا دل خراش بس حادثہ پورے ملک کو ہلا کر رکھ دینے والا ہے۔ دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت متاثرہ خاندانوں تک مدد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کوثر جہاں نے قونصلیٹ جنرل سے بات کر کے واقعہ کی مکمل معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہایت افسوسناک سانحہ ہے اور ہمارا دل بے حد مغموم ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ حادثہ عمرہ زائرین کو مکہ سے مدینہ لے جا رہی بس کے ساتھ مدینہ سے تقریباً 40 کلو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ کوثر جہاں نے اس حادثہ پر اپنا افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ مرکزی حکومت مسلسل صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئی ہے اور وہاں موجود ہندوستانی سفارت خانہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تمام کوششیں جاری ہیں۔
کوثر جہاں نے بتایا کہ ان کی خود قونصلیٹ جنرل سے بات ہوئی ہے اور وہ اپنی پوری امدادی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے 24 گھنٹے سرگرم کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاض اور جدہ میں موجود ہندوستانی مشن میں بھی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ قائم کر کے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ حادثہ سے متعلق تمام حقائق اور حالات جمع کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ تک جلد از جلد مدد پہنچانا ہے۔
کوثر جہاں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا ملک سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔