’بنگالی مارکیٹ مسجد کے انہدام سے متعلق ریلوے کا دھمکی آمیز نوٹس طاقت کا ناجائز استعمال‘

نئی دہلی کے بنگالی مارکیٹ مسجد کو منہدم کیے جانے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے ضلع وفد نے مسجد کا دورہ کیا اور جلد ہی جمعیۃ کے ذریعہ وزیر داخلہ اور وزیر ریلوے کو خط لکھا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>بنگالی مارکیٹ مسجد</p></div>

بنگالی مارکیٹ مسجد

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ضلع نئی دہلی کے صدر مولانا محمد قاسم نوری کی  قیادت میں ایک وفد نے آج بنگالی مارکیٹ واقع مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کے انہدام کے سلسلے میں ریلوے کے ذریعہ جاری کردہ نوٹس کے مابعد حالات کا جائزہ لیا۔ اس وفد میں جمعیۃ علماء نئی دہلی کے رکن و مرکزی دفتر کے نمائندہ مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی اور مولانا ضیاء اللہ قاسمی بھی شریک تھے۔

اس وفد نے پایا کہ ریلوے کے ذریعہ مسجد کے انہدام سے متعلق نوٹس انتہائی غلط طریقے اور اپنی طاقت کا غیر منصفانہ استعمال کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔ اس نوٹس میں ریلوے نے ایک قدیم مسجد سے متعلق اپنے بے بنیاد دھمکی بھرے اعلان کی کوئی بنیاد نہیں بتائی ہے۔ ریلوے کو ہرگز یہ حق نہیں پہنچتا ہے کہ وہ کسی بھی قدیم ترین مسجد کو منہدم کرنے کا نوٹس اس طرح چسپاں کرے۔ ایسا وہ تبھی کر سکتا ہے جب کورٹ کے ذریعہ اس زمین پر اپنی ملکیت ثابت کر دے۔


وفد کا کہنا ہے کہ یہ روز ورشن کی طرح عیاں ہے کہ اس مسجد کی زمین کو لے کر ریلوے سے کوئی بھی اختلاف نہ تو ماضی میں تھا اورنہ ہی حال میں واقع ہوا ہے، بلکہ اس کے برعکس اپنے پروجیکٹ کی توسیع کے لیے ریلوے نے خود مسجد سے کچھ زمین دینے کی درخواست کی تھی، جسے پورا بھی کیا گیا تھا۔ آج ریلوے احسان فراموشی کی ساری حدیں پار کرتے ہوئے الٹے مسجد کو ہی دھمکی دے رہا ہے، جو سراسر ظالمانہ عمل ہے۔

جمعیۃ علماء نے نوٹ کیا کہ ریلوے قانون کے دائرے سے باہر آکر جو آمرانہ رویہ اختیار کر رہا ہے، وہ سراسر غلط اور ملک کی عظیم تاریخ کی توہین ہے۔ یہ افسوس ناک بات ہے کہ اس مسجد سے متعلق پوری دنیا میں خبر چل رہی ہے کہ بھارت کا محکمہ ریلوے مسجد کو توڑنے کی دھمکی دے رہا ہے، جس سے پوری دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے۔ ملک کی موجودہ قیادت کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔


اس سلسلے میں ایک تفصیلی یادداشت سے مرکزی دفتر کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ جمعیۃعلماء ہند کے صدر حضرت مولانا محمود اسعد مدنی، مولانا حکیم الدین قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند) اور مولانا نیاز احمد فاروقی کی خدمت میں پوری صورت حال پیش کر دی گئی ہے۔ جلد ہی جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے حکومت ہند اور وزیر ریل کو خط لکھ کر احتجاج درج کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔