عوام دوبارہ مودی کے بہکاوے میں نہیں آنے والی: نریش اتم پٹیل

سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر کا کہنا ہے کہ اس بجٹ سے عام شہری کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ گھریلو بجٹ چوپٹ ہو جائے گا اور متوسط طبقہ مہنگائی کے بوجھ میں دب جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے کہا ہے کہ چار سال تک کسان قرض میں ڈوبے رہے اور خودکشی کرتے رہے لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت کو ان پر رحم نہیں آیا، اور اب جب سر پر لوک سبھا انتخابات ہیں تو بی جے پی کی سانس اکھڑتی ہوئی نظر آ رہی ہے اس لیے پیش کردہ بجٹ میں کسان، نوجوان کے نام پر دریا بہانے کا ڈرامہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بجٹ سے کسی طبقہ کا کوئی بھلا ہونے والا نہیں ہے۔ مودی جی کے وعدوں کی کاٹھ کی ہانڈی اب دوبارہ چڑھنے والی نہیں ہے۔

نریش اُتم نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’سچ تو یہ ہے کہ اس بجٹ سے عام شہری کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ گھریلو بجٹ چوپٹ ہو جائے گا اور متوسط طبقہ مہنگائی کے بوجھ میں دب جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم کی پالیسی اور ان کی نیت سے اب سبھی لوگ واقف ہو چکے ہیں اس لیے بڑے بڑے لاچ اور بہکاوے میں عوام آنے والی نہیں۔ لوگ ان کی سازشوں سے واقف ہو گئے ہیں۔ راجستھان اور مغربی بنگال کی عوام نے ضمنی انتخابات میں انھیں سبق بھی سکھا دیا ہے۔‘‘

مرکزی بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے انھوں نے اسے بزنس مین گھرانوں کے لیے مفید بتایا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے بجٹ سے چھوٹے اور درمیانے درجہ کی صنعتیں بند ہو جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔