مشتاق صدف کی تصنیف ’نئی فکریات اور گوپی چند نارنگ‘ پروفیسر نارنگ کی ادبی خدمات کا اعتراف: پروفیسر نعیمہ خاتون

پروفیسر گوپی چند نارنگ کے 95ویں یوم ولادت کے موقع پر ڈاکٹر مشتاق صدف کی تازہ تصنیف ’نئی فکریات اور گوپی چند نارنگ‘ کا اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کے دست مبارک سے اجرا ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>(دائیں سے بائیں) پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر نعیمہ خاتون، پروفیسر قمرالہدیٰ فریدی اور مشتاق صدف</p></div>

(دائیں سے بائیں) پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر نعیمہ خاتون، پروفیسر قمرالہدیٰ فریدی اور مشتاق صدف

user

پریس ریلیز

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے آج اردو زبان و ادب کی ممتاز ادبی شخصیت پروفیسر گوپی چند نارنگ کے 95ویں یوم ولادت کے موقع پر ڈاکٹر مشتاق صدف کی تازہ تصنیف ’نئی فکریات اور گوپی چند نارنگ‘ کا اجرا کیا۔

پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس موقع پر مصنف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گوپی چند نارنگ جیسی عبقری شخصیت کے انتقال کے ڈھائی سال بعد ان کی شخصیت اور ادبی خدمات پر مشتمل مشتاق صدف کی یہ مکمل کتاب خراج عقیدت کے ساتھ خراج تحسین بھی ہے اور ان کی علمی و ادبی خدمات کا اعتراف بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر گوپی چند نارنگ اردو زبان و ادب کے ممتاز دانشور، محقق اور ماہر لسانیات تھے۔ پروفیسر نارنگ اور فراق گورکھپوری کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ہمارے لیے یہ باعث افتخار ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے 2014 میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری اور 2016 میں سر سید ایکسلنس ایوارڈ سے نوازا تھا۔


سوشل سائنس فیکلٹی کے ڈین اور ممتاز نقاد پروفیسر شافع قدوائی نے اس کتاب سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق صدف کی صلاحیتوں کو صیقل کرنے میں نارنگ صاحب کا اساسی کردار رہا اور گزشتہ 2 دہائیوں کو محیط اس تعلق خاطر کی مفصل روداد مصنف نے خاصی تنقیدی بصیرت کے ساتھ قلم بند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوپی چند نارنگ نے اردو میں نیا فکری ڈسکورس کس طرح قائم کیا اور نظری مباحث کے ساتھ تھیوری کی اطلاقی صورتیں کیا ہوں گی، مشتاق صدف نے ان تمام پہلوؤں کو متعین مثالوں کے ساتھ پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نئی کتاب نارنگ فہمی کی دشوار گزار راہوں کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر صدر شعبہ اردو اور معروف ادیب پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی نے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق صدف نے اپنی کتاب میں گوپی چند نارنگ کی علمی و ادبی، لسانی، تحقیقی اور تنقیدی اکتسابات کو بڑی جگر کاوی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق صدف نے اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پروفیسر شافع قدوائی اور پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی کا خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔