’قرآن کو نمونۂ عمل بنانے سے دین و دنیا میں سرخرو ہوں گے‘، دستاربندی تقریب میں علماء کا اظہارِ خیال
پرانی دہلی کی نواب مسجد میں دستار بندی کے اجلاس سے ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی اور معروف عالم دین مفتی محمد عفان منصورپوری کا خطاب۔

دستاربندی تقریب کا منظر
دہلی: پرانی دہلی کی نواب مسجد گلی قاسم جان میں ایک روح پرور تقریب کے دوران ناظم محکمہ شرعیہ چاندنی قاضی شریعت و سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند مولانا ضیاء اللہ قاسمی کی دعوت پر دستار بندی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی اور جامع مسجد امروہہ کے شیخ الحدیث اور دینی تعلیمی بورڈ کے معاون ناظم عمومی مولانا مفتی محمد عفان منصورپوری کا خصوصی خطاب ہوا۔ اس موقع پر مولانا ضیاء اللہ قاسمی کے صاحبزادے حافظ فیض اللہ کی حفظ قرآن کی تکمیل پر دستار بندی بھی ہوئی۔ اجلاس میں دہلی کے معزز علمائے کرام اور ایک ہزار سے زائد مساجد کے ائمہ نے شرکت کی۔ دہلی کی تاریخ میں یہ پہلا اجلاس تھا جہاں مجمع کی اکثریت تھی۔
اپنے خصوصی خطاب میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے قرآن کریم کے جمع و تدوین کی مکمل تاریخ بیان کرتے ہوئے اس کی صحیح تعلیمات کو نئی نسلوں تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دینی تعلیمی بورڈ سے استفادہ کرنے کی تاکید بھی کی۔ مولانا مفتی محمد عفان منصور پوری نے قرآن کریم کی عظمت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں کو اس کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے امت کی قرآن سے دوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رمضان المبارک کی مناسبت سے قرآن سے مضبوط تعلق قائم کرنے کی اپیل کی۔ مفتی عفان منصور پوری نے صاحب دستار حافظ فیض اللہ کے دادا مولانا عبدالاحد قاسمی مرحوم کے خاندان مدنی سے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے خاندان کی علمی و دینی خدمات کو سراہا۔
مدرسہ حسین بخش کے شیخ الحدیث مولانا اشرف حسین نے حفاظِ کرام کی فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ قرآن اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ مولانا نحیب اللہ قاسمی ناظم جمعیۃ علماء ہند، نائب امیر شریعت صوبہ دہلی و شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ مفتی ذکاوت حسین قاسمی، مدرسہ بیت العلوم کے بانی و مہتمم قاری عبدالغفار اور قاضی شریعت مفتی نثار الحسینی نے اس موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بلیماران کے ایم ایل اے اور حکومت دہلی میں وزیر عمران حسین اور سابق وزیر ہارون یوسف نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری کا بلیماران میں والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر مولانا عثمان (امام و خطیب، دری والی مسجد) نے تلاوتِ قرآن کریم کی، جبکہ نعت خوانی کا شرف قاری عبدالباسط اور مولانا امتیاز کو حاصل ہوا۔ مولانا ضیاء اللہ قاسمی نے تقریب کے اختتام پر مسجد انتظامیہ اور کمیٹی کے اراکین، جن میں بھائی گلزار، حاجی سلیم (صدر)، بھائی عبید الرحمن (خزانچی) اور بھائی عدنان شامل تھے، کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس روح پرور محفل کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ نواب مسجد کے امام و خطیب مولانا اسعد سمیت دہلی کے ائمہ کرام کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے تمام ائمہ کرام کو خصوصی تحفے اور ہدیے بھی پیش کیے۔ اجلاس میں نظامت کے فرائض مولانا ارشد ندوی اور مولانا یاسین جہازی نے انجام دیے۔ پروگرام کے انتظام و انصرام میں حافظ افضل ذبیح الجمعیۃ بک ڈپو اور ڈاکٹر ابو مسعود کا خصوصی کردار رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔