جامعہ ہمدرد: بین الاقوامی طلباء کی ثقافتی شام ’رینڈیزوَس 2025‘ کا شاندار انعقاد
تقریب کی صدارت جامعہ ہمدرد کے معزز وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے فرمائی۔ انہوں نے جامعہ کی بین الاقوامی ہم آہنگی اور ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔

ثقافتی شام میں کھینچی گئی گروپ تصویر
نئی دہلی: جامعہ ہمدرد نے اپنی عالمی طلبا برادری کے تنوع اور اتحاد کا جشن مناتے ہوئے بین الاقوامی طلبا کی ثقافتی شام ’رینڈیزوَس 2025‘ (RENDEZVOUS-2025) کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ اس تقریب میں متعدد ممالک کی نمائندگی کرنے والے بین الاقوامی طلباء کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی۔ اس شاندار شام سے ایران، عراق، مصر، فلسطین، سوڈان، جنوبی سوڈان، نیپال اور یمن کے سفیروں، سفارت کاروں اور بیوروکریٹس سمیت ممتاز شخصیات محظوظ ہوئے۔
اس شام کا آغاز جامعہ ہمدرد کے ریسرچ اسکالر محمد فیضی امین کے پرتپاک استقبال سے ہوا۔ اس کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے ایران کلچرل ہاؤس کے سربراہ ڈاکٹر ایف فریداسر نے قرآن پاک کی روح پرور تلاوت کی۔ اس کے بعد جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے معصوم جانوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ڈاکٹر نوریا فاروقی، ڈپٹی فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر، جامعہ ہمدرد نے معزز مہمانانِ گرامی کا باضابطہ خیر مقدم اور شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر (ڈاکٹر) زینت اقبال، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر، جامعہ ہمدرد نے طلباء کے درمیان ثقافتی تبادلے اور بین الاقوامی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ ثقافتی پروگراموں کا آغاز ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دلفریب پیشکش سے ہوا، جس کے بعد نیپالی رقص، مصری شاعری اور شامی ’دبکہ‘ رقص نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ مزید برآں، عراقی نغمے، ازبک رقص، تبتی رقص، صومالی طلباء کی جوشیلی پیشکش اور شامی طلباء کا جذباتی گیت، ہر ایک نے اپنی ثقافت کی انفرادیت اور خوبصورتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
تقریب کا ایک خاص پہلو ’کلچرل واک‘ تھا، جس میں مختلف ممالک کے طلباء نے اپنی روایتی پوشاکوں اور ثقافتی علامات کے ساتھ دلکش انداز میں شرکت کی، جو بین الاقوامی اتحاد اور ورثے کی نمائندگی کرتا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر دیویندر سنگھ چوہان، آئی پی ایس، سابق ڈی جی پی، اتر پردیش تھے۔ مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے ابھیہ کے، آئی ایف ایس، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (ICCR) نے شرکت کی۔ خصوصی مہمانوں میں سدھیر کمار، آئی اے ایس، پرنسپل سکریٹری، ویجیلنس، حکومت دہلی اور انیل سنگھ، نائب صدر، کاجاریا سیرامکس لمیٹڈ شامل تھے۔
تقریب کی صدارت جامعہ ہمدرد کے معزز وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے فرمائی۔ انہوں نے جامعہ کی بین الاقوامی ہم آہنگی اور ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا اور ’وسودھیو کٹمبکم‘ یعنی ’دنیا ایک خاندان ہے‘ کے نظریے کو جامعہ کی رہنمائی کرنے والی قوت قرار دیا۔ اس موقع کی مناسبت سے تمام معززین اور شرکاء پر مشتمل ایک گروپ تصویر کھینچی گئی، جس میں بین الاقوامی دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کا اختتام ڈاکٹر جاوید احمد، ڈپٹی فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر کے شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس سے حقیقی معنوں میں ایک یادگار شام کا اختتام ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔