جامعہ ہمدرد: نایاب مخطوطات کے ڈیجیٹائزیشن منصوبہ کا آغاز، دبئی کے جُمعہ الماجد مرکز کا اہم تعاون حاصل
جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہمارے علمی ورثے کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔

نئی دہلی: جامعہ ہمدرد نے معزز چانسلر حماد احمد کی سرپرستی میں ایک اہم علمی منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ اس کا مقصد جامعہ کی نایاب اور قیمتی مخطوطات کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا اور دنیا بھر کے محققین کو ان تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جامعہ کی مرکزی لائبریری میں موجود تقریباً 3800 نایاب مخطوطات کو جدید تکنیکی سہولیات کے ذریعے ڈیجیٹائز کیا جائے گا، جس میں دبئی (متحدہ عرب امارات) کے معروف ثقافتی ادارہ ’جُمعہ الماجد مرکز برائے ثقافت و ورثہ‘ کا تعاون حاصل ہوگا۔
اس منصوبہ کے تحت ہر مخطوطے کو نہایت باریکی سے اسکین کر کے مکمل میٹا ڈیٹا کے ساتھ کیٹلاگ کیا جائے گا، تاکہ محققین آسانی سے مواد تلاش کر سکیں۔ ایک جامع تفصیلی کیٹلاگ، منتخب نمونہ صفحات کے ساتھ، اوپن ایکسس پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی تاکہ دنیا بھر کے اسکالرز اپنی تحقیق کے لیے موزوں مواد تک بآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔
جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہمارے علمی ورثے کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ ہمدرد پہلے ہی عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتی ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے ہماری ساکھ ایک علمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔

جُمعہ الماجد مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر عزالدین بن زغیبا نے جامعہ ہمدرد کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اشتراک صرف ڈیجیٹائزیشن تک محدود نہیں بلکہ علمی وسائل جیسے کتابیں، رسائل، اشتہارات، تربیتی پروگرام، کانفرنسیں اور دیگر علمی سرگرمیوں کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تکنیکی تعاون اور تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر جامعہ ہمدرد کے رجسٹرار (قائم مقام) ڈاکٹر سرفراز احسن نے جُمعہ الماجد مرکز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اشتراک کو جامعہ کی علمی ترقی کے سفر میں ایک قیمتی سنگ میل قرار دیا۔
جامعہ کی علمی قیادت یعنی ڈینز اور شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کے لائبریرین ڈاکٹر اختر پرویز نے بتایا کہ ’مخطوطات ڈیجیٹائزیشن سیل‘ مکمل طور پر فعال ہے اور ماہر عملے کے ساتھ منصوبے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق یہ عمل 2026 کے اوائل تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد یہ نایاب ذخیرہ دنیا بھر کے محققین کے لیے آن لائن دستیاب ہوگا۔ یہ منصوبہ جامعہ ہمدرد کی تحقیق، علمی اشتراک اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے مشن کی ایک روشن مثال ہے، جو علمی دنیا میں اس کے مقام کو مزید بلند کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔